Get Alerts

پی ٹی وی نے معروف ترک سیریز ’’دیریلش ارطغرل‘‘ کی ڈبنگ کا سلسلہ روک دیا

پی ٹی وی نے معروف ترک سیریز ’’دیریلش ارطغرل‘‘ کی ڈبنگ کا سلسلہ روک دیا
پاکستان ٹیلی وژن نے ترک ڈرامے ’’دیریلش ارطغرل‘‘ کی ڈبنگ کا سلسلہ روک دیا ہے، ڈرامے کی ڈبنگ کا سلسلہ کیوں روکا گیا اس حوالے سے ابھی تک کوئی واضح مؤقف سامنے نہیں آیا۔

تفصیلات کے مطابق معروف ترک ڈرامے دیریلش ارطغرل کی ڈبنگ ٹیم سے جڑی ایک اداکارہ نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی ٹیلی وژن نے ارطغرل کی ڈبنگ کا سلسلہ روک دیا ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ڈرامے کو پی ٹی وی سے دکھائے جانے کا اعلان کیا تھا۔ ارطغرل عمران خان کا بھی پسندیدہ ڈرامہ ہے۔

تازہ معلومات کے مطابق اب تک ڈرامے کی 6 اقساط کی ڈبنگ ہوئی ہے مگر انتظامیہ نے مزید ڈبنگ کا سلسلہ اچانک روک دیا ہے۔



مبصرین کے مطابق اس کی وجہ عرب ریاستوں کا دباؤ ہو سکتا ہے۔

ٹیم نیا دور نے اس حوالے سے جب ڈرامہ سیریل ارطغرل کی اردو ڈبنگ کرنے والے ایک ٹیم ممبر سے رابطہ کیا تو انہوں نے اس حوالے سے معلومات شیئر کرنے سے اجتناب کیا اور کہا کہ وہ میڈیا پر معلومات شئیر نہیں کر سکتے۔

یاد رہے کہ ڈرامہ سیریل ’’دیریلش ارطغرل‘‘ کی کہانی سلطنت عثمانیہ کے قیام سے قبل کی ہے اور ارطغرل غازی مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے۔ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ 13ویں صدی کے ترک سپہ سالار ارطغرل غازی نے کس طرح منگولوں اور صلیبیوں کا بہادری سے مقابلہ کیا۔