وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے، ان کا نہیں خیال کہ وہ نوبیل انعام برائے امن کے حقدار ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ کیا:’’وہ شخص ہی نوبیل انعام برائے امن حاصل کرنے کا اہل ہو گا جو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق کشمیر کا تنازعہ حل کرنے میں کامیاب ہو گا اور برصغیر پاک و ہند میں امن و انسانی ترقی کی بنیاد رکھے گا۔‘‘
تین لاکھ سے زائد لوگوں نے آن لائن پٹیشن پر دستخط کیے جس میں وزیراعظم عمران خان کو پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے تناظر میں انڈین پائلٹ رہا کرنے پر نوبیل انعام برائے امن دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
https://youtu.be/6Nuv0TRPPyI
چند روز قبل ٹویٹر پر بھی ہیش ٹیگ ’’نوبیل پیس پرائز فارعمران خان‘‘ ٹرینڈ کرتا رہا جب انہوں نے غیرمتوقع طور پر گرفتار انڈین پائلٹ کو جذبۂ خیرسگالی کے تحت رہا کرنے کا اعلان کیا۔
وزیراعظم عمران خان کو نوبیل انعام دینے کے لیے قرارداد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروائی جا چکی ہے۔ وزیرِ اطلاعات فواد چودھری نے یہ قرارداد جمع کروائی ہے جس میں یہ استدلال پیش کیا گیا ہے کہ وزیراعظم نے ’’پاکستان اور انڈیا میں کشیدگی کم کرنے کے لیے غیرمعمولی کردار ادا کیا۔‘‘