سپریم کورٹ میں اس وقت 3 آسامیاں خالی ہیں جن پر چیف جسٹس 9 ججز کے نام جوڈیشل کمیشن کو دیں گے اور ان میں سے تین ناموں کی منظوری جوڈیشل کمیشن دے گا۔ لگتا ہے کہ پی ٹی آئی کے حامی ججز مل کر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر دباؤ ڈالنا چاہ رہے ہیں۔ تاثر ہے کہ یہ خط پی ٹی آئی کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ مخالف بیانیے کو تقویت دینے کے لیے لکھے جا رہے ہیں۔ یہ کہنا ہے رپورٹر سید صبیح الحسنین کا۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں سینیئر صحافی مبشر بخاری نے کہا پی ٹی آئی کے حامی ججز چیف جسٹس فائز عیسیٰ پر دباؤ ڈال رہے ہیں اور پی ٹی آئی ان کے خلاف منظم مہم چلا رہی ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ کئی آئین پسند قانون دان بھی بلا سوچے سمجھے اس مہم کا حصہ بن گئے ہیں۔ اگر جسٹس نعیم اختر افغان موجودہ چیف جسٹس کے رشتہ دار نہیں ہیں تو چیف جسٹس فائز عیسیٰ پر اقربا پروری کا الزام لگا کر چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ صوبائی عصبیت کو ہوا دے رہے ہیں۔
میزبان رضا رومی نے کہا مٹھی بھر جرنیلوں نے ججوں پر دباؤ ڈال کر بھٹو کو پھانسی دی اور عوام کے ساتھ زیادتی کی۔ 45 سال گزرنے کے باوجود ہم آج بھی وہیں کھڑے ہیں۔
پروگرام 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔