پاکستان پیپلز پارٹی کا حکومت سے فوری طور پر اسلام آباد میں مندر کی تعمیر شروع کرنے کا مطالبہ

پاکستان پیپلز پارٹی کا حکومت سے فوری طور پر اسلام آباد میں مندر کی تعمیر شروع کرنے کا مطالبہ
پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کا آغاز کرے تاکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ایک مناسب جواب دیا جائے جو ایودھیا میں تاریخی بابری مسجد کے مقام پر ہندو مندر کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ مطالبہ پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کے راستے میں حال تمام رکاوٹوں کو فوری طور پر ہٹانے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں اور آج بدھ کو ہی اس کے کام کا آغاز کرنا چاہیے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر جو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین بھی ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی برادری کو یہ پیغام بھیجنا چاہیے کہ ملک میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ مساوی حقوق سے مستفید ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ جناح کے پاکستان کا مطالبہ ہے کہ ملک میں تمام اقلیتوں کے مذہبی حقوق کا تحفظ کیا جانا چاہیے۔

بھارتی وزیراعظم کے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے اقدام پر تنقید کرتے ہوئے پی پی پی سینیٹر کا کہنا تھا کہ نریندی مودی ایسا کرکے سیکیولر بھارت کا چہرہ سیاہ کر دیں گے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر ایچ -9 / 2 میں ہندو مندر کی تعمیر پر تنازع 2 ماہ قبل اس وقت شروع ہوا تھا جبکہ کچھ مذہبی جماعتوں اور گروپس کی جانب سے منصوبے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اسلامی ریاست میں ٹیکس دہندگان کی رقم سے مندر کی تعمیر اسلام کے خلاف ہے۔