بدین میں مٹی کا خوفناک طوفان، مکانوں کی چھتیں، بل بورڈز اڑ گئے، دن کو رات میں بدل دیا

بدین میں مٹی کا خوفناک طوفان، مکانوں کی چھتیں، بل بورڈز اڑ گئے، دن کو رات میں بدل دیا
کراچی سمیت سندھ میں اس وقت ہیٹ ویو شروع ہو چکی ہے جس کی وجہ سے صوبہ سندھ میں موسم شدید گرمی کی جانب پیش رفت کر چکا ہے۔ اس کے نتیجے میں آندھی اور طوفانوں کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اب خبر ہے بدین سے جہاں  مٹی کے خوفناک طوفان نے درجنوں کچے گھروں کی چھتیں اڑا کر رکھ دیں جب کہ طوفان سے شہری علاقوں میں بھی زندگی درہم برہم ہوکررہ گئی۔

جیو نیوز کے مطابق ضلع بھر میں گذشتہ کئی روز سے پڑنے والی قیامت خیز گرمی کے بعد گذ شتہ شام اچانک آنے والے مٹی کے طوفان نے معمولات درہم برہم کردیے۔


طوفان سے دیہی علاقوں میں درجنوں کچے مکانات کی چھتیں اڑ گئیں اور دیواریں گرگئیں جب کہ شہری علاقوں میں بھی دکانوں کے شیڈز اور سائن بورڈ اڑ گئے۔


شہریوں کے مطابق تیز طوفانی ہواؤں کے ساتھ اڑنے والی مٹی کی شدت اتنی تھی کہ اس نے سورج کو ڈھانپ لیا اور ضلع بھر میں اندھیرا ہوگیا جب کہ گلی محلے اور بازار مٹی سے بھر گئے۔مٹی کے طوفان کے بعد مختلف علاقوں میں پڑنے والی ہلکی بارش اور بوندا باندی بھی ہوئی. جبکہ  محکمہ موسمیات نے کراچی میں  آج  سے  ہیٹ ویو شروع ہونے کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔ ہیٹ ویو  کے باعث سمندری ہوائیں معطل ہوں گی اور درجہ حرارت 43 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں  بھی شمال مغربی ریگستانی علاقوں سےگرم اور خشک ہوائیں چل رہی ہیں اور 24گھنٹوں کے دوران موسم معمول سےزیادہ گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔