Get Alerts

عمران خان پاکستان کی تاریخ کا پہلا سول ڈکٹیٹر، آئین توڑنے کا داغ ماتھے پر سجا لیا: مریم نواز

عمران خان پاکستان کی تاریخ کا پہلا سول ڈکٹیٹر، آئین توڑنے کا داغ ماتھے پر سجا لیا: مریم نواز
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کی تاریخ کا پہلا سول ڈکٹیٹر ہے جس نے آئین کو توڑنے کا داغ اپنے ماتھے پر سجا لیا ہے۔

لاہور میں ممبران صوبائی اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں آج یہاں جہانگیر ترین، عبدالعلیم خان، اسد کھوکھر گروپ اور دیگر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔ آج آپ کے مینڈیٹ کی چوری کا بدلہ نواز شریف نے لے لیا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ کی سپورٹ سے اس ناجائز حکومت سے صوبے کی عوام کو نجات ملی۔ یہ وہ چور ہیں جنھوں نے پنجاب کا آٹا، چینی، ادویات، بجلی گیس اور ترقی چوری کی ہے۔ ترقی ہوئی ہے تو بس فرح خان کے گائوں میں ہوئی۔ وہ کس کی فرنٹ پرسن تھی، سب کو معلوم ہے کہ وہ کس کو کمیشن دیتی تھی۔ جب احتساب کا وقت آیا تو اسے باہر بھگا دیا گیا۔ فرح خان کی کرپشن کے ایسے ثبوت سامنے آئیں گے کہ لوگ حیران رہ جائیں گے۔


انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کو تالا لگایا گیا۔ آج سر شرم سے جھک گیا، جس کے باعث فلیٹیز ہوٹل میں اجلاس کرنا پڑا۔ کون اسمبلی کو تالے لگاتا ہے، کون میدان کو چھوڑ کر بھاگا وہ جس کے بندے پورے نہیں ہوتے وہ بھاگتا ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ آج بڑا افسوس ہوا کہ یہ اسمبلی تو چودھری ظہور الٰہی کی سیاسی میراث تھی۔ پرویز الٰہی میرے بزرگ ہیں، میں ان کی عزت کرتی ہوں لیکن ان کو شکست ہو چکی ہے۔ آپ اسمبلی کو تالے لگائیں یا میڈیا پر پابندیاں، آپ یہ جنگ ہار چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سحری اور افطاری کے وقت بجلی اور گیس نہیں ہوتی۔ پنجاب کے عوام اپنے حق کے لیے کھڑے ہوں۔ پنجاب کے عوام کو کہنا چاہتی ہوں کے آپ اٹھیں اور اس حکومت کے خلاف باہر نکلیں۔ اس نالائق کی وجہ سے جتنی پنجاب کے عوام کو سزا بھگتنا پڑی کسی اور کو نہیں پہنچی۔ ہمارے پاس مؤکل نہیں ہوتے مگر نواز شریف اور شہباز شریف نے جنات کی طرح کام کرکے بجلی کے منصوبے لگائے۔