Get Alerts

کرونا وائرس سے متاثرہ بچوں میں پر اسرار بیماری سامنے آگئی: 'جسم میں خون لیجانے والی شریانیں سوج رہی ہیں'

کرونا وائرس سے متاثرہ بچوں میں پر اسرار بیماری سامنے آگئی: 'جسم میں خون لیجانے والی شریانیں سوج رہی ہیں'
کرونا وائرس کی تباہ کاریاں دنیا بھر میں جاری ہیں اور آئے دن ان کی نت نئی شکلیں سامنے آرہی ہیں۔ اب کرونا وائرس کا شکار بچوں کے حوالے سے نیا انکشاف ہوا ہے اور اس کے بعد اب اس حوالے سے الرٹ جاری کئے جا رہے ہیں۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کرونا وائرس کا شکار ہونے والے بچوں میں ایک ایسی پر اسرار بیماری سامنے آرہی ہے جس کا شکار ہو کر بچوں کے بچنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر رہ جاتے ہیں۔  اس بیماری کا شکار بچوں کی خون لے جانے والی رگوں میں سوجن ہو جاتی ہے اور آہستہ آہستہ جسم میں خون کی ترسیل نا ممکن ہو جاتی ہے۔ جس سے بچے کی موت واقع ہو جاتی ہے۔ جبکہ دل کو خون پہنچانے والی شریانوں میں بھی یہ بیماری سوزش کا باعث بنتی ہے۔ ڈاکٹر کمیونٹی اس نئی اور پر اسرار بیماری کو سمجھنے کی کوشش کر رہی ہے۔ 

نیو یارک ٹائمز کے مطابق نیویارک شہر میں اب تک 15 بچے جن کو کرونا وائرس نے متاثر کیا تھا وہ رگوں میں سوزش کی شکایت کے ساتھ ہسپتالوں میں داخل ہوئے ہیں۔ گو کہ انکی حالت خراب ہوئی ہے تاہم ان میں سے تا حال کسی کی موت واقع نہیں ہوئی۔ ڈاکٹرز کو ابھی تک اس بیماری کی سمجھ نہیں آسکی تاہم اسے بچوں کی ایک بیماری کاواساکی سینڈروم کے مشابہ قرار دیا جا رہا ہے تاہم اس کے ابھی تک کوئی سائنسی شواہد موجود نہیں۔

امریکا کے علاوہ یورپ میں بھی اس طرح کے کیسز سامنے آئے ہیں اور اس بیماری کا شکار ہونے والے بچوں میں اکثر کی عمر 3 سے 15 سال کے درمیان ہے۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچوں کی کرونا وائرس سے سخت حفاظت کی جائے۔ کیوں کہ اس نئے انکشاف کے بعد بچوں کے اس وائرس سے مختلف انداز میں متاثر ہونے کا خدشہ ہے جو ان کے لئے مزید مہلک ثابت ہو سکتا ہے۔