مچھ میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے 11 کان کنوں میں سے 7 کا تعلق افغانستان سے تھا: افغان قونصل خانہ

مچھ میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے 11 کان کنوں میں سے 7 کا تعلق افغانستان سے تھا: افغان قونصل خانہ

  • مچھ کے کوئلہ فیلڈز میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے کان کنوں کے حوالے سے ایک انکشاف یہ ہوا ہے کہ ان میں سے 7 کانکن افغان شہری تھے۔ اس حوالے سے میڈیا میں ایک خط سامنے آیا ہے جو کہ افغان قونصلیٹ کی جانب سے لکھا گیا ہے۔ افغان قونصلیٹ کا کہنا ہے کہ سانحہ مچھ میں جاں بحق ہونے والے 7 کان کن افغان باشندے تھے۔


افغان قونصلیٹ کی جانب سے وزارت خارجہ کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 3 کان کنوں کے ورثاء نے میتیں افغانستان بھجوانے کی درخواست کی ہے۔

وزارت خارجہ کو لکھے گئے مراسلے میں درخواست کی گئی ہے کہ تینوں افغان باشندوں کی میتیں چمن بارڈر سے افغانستان بھجوائی جائیں۔ خیال رہے کہ چند روز قبل بلوچستان کے علاقے مچھ میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 11 کان کنوں کو قتل کر دیا تھا۔

پانچ روز گزرنے کے باوجود لواحقین اپنے پیاروں کی میتوں کے ہمراہ احتجاج کر رہے ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ جب تک وزیراعظم نہیں آ جاتے اس وقت تک میتوں کی تدفین نہیں کی جائے گی۔

سانحہ مچھ کے خلاف کراچی میں بھی 19 مختلف مقامات پر احتجاجی دھرنے دیے جا رہے ہیں۔