معروف اداکار فیروز خان نے شوبز چھوڑ کر اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کر دیا۔
گذشتہ چند ہفتوں سے یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ فیروز خان نے شوبز کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور وہ جلد ہی اس حوالے سے اعلان بھی کریں گے۔ رپورٹس تھیں کہ ٹیلی ویژن انڈسٹری کے کامیاب اداکار فیروز خان نے بھی گلوکارہ رابی پیرزادہ اور حمزہ علی عباسی جیسے اداکاروں کے نقشے قدم پر چلنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ اس حوالے سے جلد اعلان بھی کریں گے۔
اب انہوں نے ٹوئٹ کے ذریعے شوبز چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب ان کی زندگی کا مقصد مذہب کی تعلیم پھیلانا ہے۔
فیروز خان نے مختصر ٹوئٹ میں بتایا کہ وہ اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ انہوں نے شوبز کو خیرباد کہہ دیا ہے اور اب وہ مذکورہ پلیٹ فارم کو مذہبی تعلیمات کے پھیلاؤ کے لیے استعمال کریں گے۔ انہوں نے لکھا کہ انہیں معلوم ہے کہ مداح ان کے جواب کے منتظر تھے اور اب وہ مداحوں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ ان کے لیے دعا کریں۔
واضح رہے کہ فیروز خان نے 2014 کے بعد اداکاری کی شروعات کی اور انہوں نے اب تک ایک درجن تک ڈراموں میں کام کیا۔ فیروز خان اداکارہ حمیمہ ملک اور دعا ملک کے بھائی ہیں، انہوں نے ایک بار اپنی بہنوں کے لیے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر ان کی بہنوں حمیمہ اور دعا ملک کی ذاتی زندگی اور ان کے کیریئر سے متعلق فیصلہ کرنے کا حق ان کے پاس ہوتا یا ان سے پوچھا جاتا تو وہ انہیں شوبز انڈسٹری میں کام کرنے نہیں دیتے۔
ساتھ ہی انہوں نے وضاحت کی کہ ان کی بہنوں کی ذاتی زندگی پر ان کا کوئی اختیار نہیں اور وہ شوبز انڈسٹری میں کام کرنا چاہتی ہیں، اس لیے وہ انہیں منع نہیں کرسکتے۔ انٹرویو میں انہوں نے شوبز اور مذہب میں تصادم کے حوالے سے بھی بات کی تھی اور اعتراف کیا کہ انہیں بعض مرتبہ یہ خیال آتا ہے کہ شوبز انڈسٹری اور مذہب میں تصادم ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ جب تک ان کے نصیب میں شوبز انڈسٹری میں کام کرنا لکھا ہوا ہے، وہ اس انڈسٹری کا حصہ رہیں گے اور جس دن ان کی قسمت سے متعلق دوسرا فیصلہ ہوگیا تو وہ اسی پر عمل کریں گے۔