پاکستان میں گذشتہ 10 دنوں کے دوران کرونا وائرس سے ہونے والی اموات میں 100 فیصد اضافہ ہوا

پاکستان میں گذشتہ 10 دنوں کے دوران کرونا وائرس سے ہونے والی اموات میں 100 فیصد اضافہ ہوا
پاکستان میں گذشتہ 10 دنوں کے دوران کرونا وائرس سے ہونے والی اموات میں 100 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور ہر صوبے میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

ڈان نیوز سے حاصل معلومات کے مطابق 26 فروری کو ملک میں وائرس سے پہلا کیس رپورٹ ہونے کے بعد سے اب تک ملک میں سب سے زیادہ 46 اموات رپورٹ ہوئیں اور مارچ کے مہینے میں ایک ہندسے میں ہونے والی اموات کا اضافہ اپریل کے مہینے میں دوہرے ہندسے تک پہنچ گیا۔ کرونا وائرس سے ملک میں صرف 28 اپریل سے 7 مئی کے دوران 297 اموات رپورٹ ہوئیں جو اب تک ملک میں ہونے والی 591 کا 49.7 فیصد بنتی ہیں۔ اس خطرناک رجحان کے باوجود کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاگو کیے گئے لاک ڈاؤن میں 9 مئی کے بعد سے نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

28 اپریل سے 6 مئی تک ملک بھر میں 10 ہزار 365 مصدقہ کیسز رپورٹ ہوئے جو اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کا ایک تہائی بنتے ہیں جبکہ سب سے زیادہ اضافہ 6 مئی کو ریکارڈ کیا گیا تھا جب ملک میں ایک ہزار 430 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مئی کے مہینے میں وائرس عروج پر پہنچ سکتا ہے جس سے رپورٹ ہونے والی کیسز اور اموات کی شرح میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

اپریل کے اختتام پر سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کے انفیکشن ڈیزیز کے سربراہ ڈاکٹر سنیل دودانی نے کہا تھا کہ مثبت کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، شدید بیماری کے حامل مزید مریض سامنے آرہے ہیں، یہ بات ثابت کرتی ہے کہ اگلے دو سے تین ماہ انتہائی اہم ہوں گے جب وائرس اپنے عروج پر پہنچ رہا ہوگا۔

ایک دن قبل ہی عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا تھا کہ تمام ممالک کو وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مناسب اقدامات کو یقینی بنانا ہو گا۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ تیدروس ایڈہانوم نے کہا تھا کہ اگر تمام ممالک نے لاک ڈاؤن میں مرحلہ وار نرمی اور انتہائی احتیاط سے کام نہ لیا تو دوبارہ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا خطرہ پیدا ہو جائے گا۔