وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا۔ اب سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر ہونے کی دیر ہے عمران خان نااہل ہو جائے گا۔
لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے بریگیڈیئر محمد خالد کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس بالکل واضح ہے، عمران خان نے ٹی سیٹ اور سونے کے قلم کا کوئی سیٹ نہیں چھوڑا، پہلے انہوں نے چیزوں کو بیچا اور پھر ملنے والے پیسوں سے قومی خزانے میں 20 فیصد رقم جمع کرائی۔
عمران خان کی ممکنہ گرفتاری پر وفاقی وزیر نے کہا کہ میں شہزاد اکبر والا کام میں نہیں کرسکتا کہ پہلے دعویٰ کردوں کہ فلاں کو گرفتار کرلیا جائے گا۔ایف آئی اے لسبیلہ حادثے پر چلائے جانے والے ٹرینڈز اور الیکشن کمیشن کے فیصلے پر تحقیقات کررہی ہے، ان معاملات میں جو قصور وار ثابت ہوگا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔
عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب اسمبلی توڑے بغیر الٹی میٹم کی کوئی حیثیت نہیں، پہلے چیف الیکشن کمشنر کو ہٹائیں اور پنجاب ، خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیاں توڑیں، جو استعفے دیے ہیں وہ منظور کرائیں، پھر بات کریں، آپ کے لیے باعث شرم ہونا چاہیے کہ ایک دن ایک بات دوسرے دن دوسری بات کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی حفاظت ہو، قدرتی آفات ہو یا جنگ ، پاک فوج کا کردار اعلٰی رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ پوری قوم پاک فوج اور شہدا کا دلی احترام رکھتی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کے سیاسی کردار کے علاوہ ملک کے 22 کروڑ عوام میں سے کوئی ایک آدمی نہیں جو پاک فوج کے کردار کو نہ سراہتا ہو، پاک فوج کے خلاف ٹرینڈ چلانے والے گمراہی کا شکار ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کا سربراہ قوم کو تقسیم اور گمراہ کررہا ہے، اس کا ادراک کیا جائے، اگر اسے قوم کو مزید تقسیم کرنے کا موقع ملا تو یہ ملک کو کسی حادثے سے دوچار کردے گا، ان کا حال یہ ہے کہ افغانستان نے آج تک ایمن الظواہری پر ڈرون حملے کا الزام پاکستان پر نہیں لگایا لیکن یہ بدبخت الزام لگارہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد کوئی شک و شبہ نہیں رہا کہ عمران خان فارن ایجنٹ ہے اور وہ غیر ملکی پیسے کے ذریعے ملک میں انارکی کی جانب گامزن ہے۔ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا، سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر ہونےکی دیر ہے عمران خان نااہل ہوجائے گا۔