Get Alerts

13 اگست کو پی ٹی آئی کے جلسے کا مقام تبدیل، اسلام آباد کے بجائے، اب لاہور میں ہوگا

13 اگست کو پی ٹی آئی کے جلسے کا مقام تبدیل، اسلام آباد کے بجائے، اب لاہور میں ہوگا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت نے 13 اگست کو جلسے کا مقام تبدیل کرتے ہوئے اسے اسلام آباد کی بجائے لاہور میں کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ عمران خان کے زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں کیا گیا ہے۔

تفصیل کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے زیر صدارت آج ایک اہم اجلاس ہوا جس میں سیاسی صورتحال سمیت اہم ایشوز پر بات کی گئی۔ اجلاس میں 13 اگست کو ہونے والے جلسے کے انتظامات بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں 13 اگست کو ہونے والے جلسے کا مقام تبدیل کرکے اسے اب لاہور میں ہاکی گرائونڈ میں کرایا جائے گا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا، جس میں سابق وزیراعظم عمران خان سمیت پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے بھی شر کت کی تھی۔

دوران اجلاس موجودہ سیاسی صورتحال، ارکان اسمبلی کے استعفوں اور عمران خان کے 9 حلقوں میں ضمنی انتخابات سے متعلق قانونی امور کا جائزہ لیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی قانونی ٹیم نے عدالتوں میں دائر درخواستوں پر پیشرفت سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں حکومت مخالف جارحانہ حکمت عملی جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا تھا 13 اگست کو حکومت مخالف وفاقی دارالحکومت میں بڑا جلسہ کیا جائے گا۔ میگا پاور شو میں ہی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

جلسے کے حوالے سے مرکزی قیادت سمیت دیگر ذمہ داران کو بھرپور تیاریوں کی ہدایت جاری کر دی گئی تھی۔ پارٹی رہنماؤں کو ایک لاکھ افراد کو جلسے میں لانے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔

فواد چودھری نے حکومت کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا تھا کہ چند روز میں اسلام آباد میں بڑا جلسہ کرینگے، اس میں حکومت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی ڈیڈ لائن دیں گے، حکومت کو زیادہ سے زیادہ اس کیلئے ایک ماہ سے زائد کا وقت نہیں دے سکتے.

فواد چودھری نے کہا تھا کہ اس حکومت کوزیادہ سے زیادہ انتخابات کا اعلان کرنے کے لیے ایک ماہ سے زائد کا وقت نہیں دے سکتے، اس سے زیادہ وقت دینے کا مقصد یہ ملک کی معیشت تباہ کردیں گے۔