انتخابی مہم، نواز شریف 13 نومبر کو بلوچستان کا دورہ کریں گے

سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی جماعت میں شمولیت اختیار کرنے والے سیاستدانوں کے لیے منعقد کی جانے والی تقریب میں شریک ہوں گے جبکہ ن لیگ کے صوبائی صدر جعفر مندوخیل کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔

انتخابی مہم، نواز شریف 13 نومبر کو بلوچستان کا دورہ کریں گے

سابق وزیراعظم اور سربراہ مسلم لیگ ن نواز شریف 10 نومبر سے چاروں صوبوں میں انتخابی مہم کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔ اس سلسلے میں نواز شریف 13 نومبر کو بلوچستان کا دورہ کریں گے ۔

بلوچستان میں مسلم لیگ ن کے پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کی بلوچستان کے 2 روزہ دورے پر 13 نومبر کو کوئٹہ آمد متوقع ہے۔ جہاں وہ اپنے قیام کے دوران پارٹی میں شامل ہونے والے 20 سے زائد قومی اور صوبائی اسمبلی کے اراکین سے ملاقاتیں کریں گے۔

پہلے سے طے شدہ ملاقاتوں کے بعد سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی جماعت میں شمولیت اختیار کرنے والے سیاستدانوں کے لیے منعقد کی جانے والی تقریب میں شریک ہوں گے جبکہ 13 نومبر کو نواز شریف ن لیگ کے صوبائی صدر جعفر مندوخیل کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے صوبے کی اہم قبائلی و سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جن میں بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق صوبائی وزرا سردارعبدالرحمان کھیتران، محمد خان لہڑی، کریم نوشیروانی، مجیب الرحمان، محمد حسنی ، مسعود لونی اور رکن صوبائی اسمبلی ربابہ بلیدی، سابق صوبائی وزیر نواب چنگیز مری اور سابق وفاقی وزیر دوستین ڈومکی  بھی شامل تھے۔

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سردار یعقوب ناصر، صوبائی صدر بلوچستان شیخ  جعفر مندوخیل اور سابق سپیکر بلوچستان  اسمبلی راحیلہ درانی بھی کوئٹہ آئے لیگی رہنما ایاز صادق کے ہمراہ ان ملاقاتوں میں شریک رہے۔

ذرائع کے مطابق ان ملاقاتوں میں مسلم لیگ ن کی قیادت نے بلوچستان کے سیاسی رہنماؤں کی ن لیگ میں شمولیت کا ٹاسک ایاز صادق کو سونپا تھا۔