حکومت نے عوام پر بجلی بم گرا دیا، بجلی مزید 1روپیہ 95 پیسے فی یونٹ مہنگی

حکومت نے عوام پر بجلی بم گرا دیا، بجلی مزید 1روپیہ 95 پیسے فی یونٹ مہنگی
نیپرا نے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 1 روپے 95 پیسےفی یونٹ مزید اضافے کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق نیپرا نے اگست کے ماہانہ فیول چارجز ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں 1 روپے 95 پیسےفی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے، اور اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سی پی پی اے جی نے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 7 پیسےفی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، اتھارٹی نے 30 ستمبر 2021 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی، جس میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 1 روپیہ 95 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافے اطلاق صرف اکتوبر کے مہینے کے بلوں پر ہوگا، اور ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا، جب کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔

سی پی پی اے جی نے 2 روپے 7 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی جس پر اتھارٹی نے 30 ستمبر 2021 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی۔ ادھر بین الاقوامی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے ایک اور مطالبہ کردیا جس کی وجہ سے ملک میں بجلی کی قیمت اور ٹیکس مزید بڑھنے کا امکان پیدا ہوگیا۔

خیال رہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان سے بجلی کی قیمت، انکم و سیلز ٹیکس اور ریگولیٹری ڈیوٹیز بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے ، اس ضمن میں آئی ایم ایف نے پاکستان سے کہا ہے کہ انکم ٹیکس ، سیلز ٹیکس اور ریگولیٹری ڈیوٹی کے حوالے سے مزید ٹیکس اقدامات کیے جائیں تاکہ سالانہ محصولات کا ہدف 58 کھرب روپے سے بڑھ کر 63 کھرب روپے ہوجائے ، اسی طرح آئی ایم ایف نے یہ تجویز بھی دی ہے کہ بجلی ٹیرف کی بنیادی قیمت میں 1.40 روپے فی یونٹ اضافہ کیا جائے تاکہ بڑے گردشی قرضے کو قابو کیا جاسکے۔

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ ابھی دو روز قبل ہی نیپرا نے بجلی ایک روپیہ 65 پیسے فی یونٹ مہنگی کی ہے ، نیپرا نے اس حوالے سے اعلامیہ بھی جاری کر دیا ہے ، نیپرا اعلامیہ کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے ، بجلی ایک روپیہ 65 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی ہے ، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سہ ماہی فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں کیا گیا ، قیمتوں میں اضافے کا اطلاق 300 سے زائد یونٹ والے صارفین پر ہو گا