وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے میاں نواز شریف کی وطن واپسی پر ان کے استقبال کے لیے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اگر پنجاب میں الیکشن ہوتے ہیں تو نواز شریف کی واپسی پارٹی کے لیے سود مند ثابت ہو گی۔
رواں ہفتے کے آغاز میں نواز شریف نے رانا ثناء اللہ کو ہدایت کی تھی کہ پنجاب میں مکمنہ انتخابات کے سلسلے میں موزوں امیدواروں کے ناموں پر کام شروع کیا جائے۔ نواز شریف کی اس ہدایت نے ان افواہوں کی تردید کر دی تھی کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب میں الیکشن سے بھاگ رہی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو چیلنج کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پنجاب اسمبلی توڑنا چاہتے ہیں تو توڑ دیں کیونکہ مسلم لیگ (ن) نے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس سلسلے میں ان کی پارٹی کی تیاری مکمل ہے۔
یاد رہے کہ میاں نواز شریف نومبر 2019 سے لندن میں قیام پذیر ہیں جب ان کو علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت ملی تھی۔