صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے سانحہ 9 مئی کا ایک سال مکمل ہونے پر اپنے خصوصی پیغامات میں گزشتہ برس ہونے والے پرتشدد واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا کہ 9 مئی ملکی تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
صدر مملکت آصف زرداری کا کہنا ہے 9مئی پاکستان کی تاریخ میں یوم ِ سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
9مئی کو سیاسی طور پر مشتعل ہجوم نے ملک بھر میں کہرام مچایا۔مشتعل ہجوم نے سرکاری املاک ، فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا،واقعات سے ملک کا تاثر بری طرح متاثر ہوا۔
پرتشدد واقعات سے صرف پاکستان کے دشمنوں کے مفادات پورے ہوئے۔ حملے ریاستی رٹ ، قانون کی حکمرانی اور ادارےکمزور کرنے کی کوشش تھے۔ پرامن مظاہرے اور تعمیری تنقید جمہوریت کی روح ہیں۔
آئین پاکستان میں اجتماع اور اظہار رائے کے بنیادی حقوق دیے گئےہیں۔ بنیادی حقوق کو آئین اور قانون کے مطابق انتہائی ذمہ داری سے استعمال کیا جانا چاہیے۔ تشدد پر اکسانے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ذمہ دار جمہوریتوں میں سیاسی مفاد کیلئے ریاستی املاک کی تباہی، توڑ پھوڑ کبھی نہیں دیکھی۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج اور اس کے اداروں پر فخر کا اظہارکیا۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
صدر مملکت کا کہنا تھا پاکستانی مسلح افواج مختلف خطرات سے قوم کے دفاع میں پیش پیش رہی ہیں۔ 9مئی کو تشدد کے ذمہ داران کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرانا چاہیے ۔ پاکستان کو پہلے ہی متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔
سیاسی قوتوں کے غیر ذمہ دارانہ عمل سے ترقی کا عمل متاثر ہوتاہے۔ سیاسی قوتوں کے غیر ذمہ دارانہ عمل سے سماجی و اقتصادی چیلنجز میں بھی مزید اضافہ ہوتاہے۔
تمام جماعتیں سیاسی مذاکرات ، قوم کی درست سمت میں رہنمائی کیلئے کام کریں۔ سیاسی جماعتیں، پارلیمنٹ، میڈیا اور سول سوسائٹی جمہوریت کو مضبوط کریں۔ قانون کی حکمرانی ، رواداری، سیاسی مکالمے اور شمولیت کے کلچر کو فروغ دیں۔
صدر مملکت نے ریاستی اداروں کیخلاف سوشل میڈیا پر بدنیتی پر مبنی مہم پر افسوس اور مذمت کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا جھوٹ پر مبنی مہم کے سدباب ، حوصلہ شکنی کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بہتر مستقبل کی تعمیر ، سیاسی تقسیم اور نفرت ختم کرنے کیلئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہبازشریف کا کہنا ہے 9مئی محض تاریخ کا سیاہ ترین دن نہیں۔ یہ سیاست قربان کرنے اور ریاست پر حملہ کرنے والی 2سوچوں کو الگ کرنےوالادن ہے۔
ایک طرف محب وطن پر لہو نچھاورکرنے والے عظیم بیٹے، ان کے اہلخانہ اور محب وطن ہیں۔ دوسری طرف نفرت کی آگ میں سلگتے وہ کردار ہیں جن کے دِل میں ریاستی مفادات کا کوئی درد نہیں۔
ایک سال گزر گیا لیکن قوم اور پاکستان اپنے مجرموں کو نہ بھولے ہیں نہ بھولیں گے۔ وعدہ ہے ارض پاک، عظیم شہدا، اُن کے ورثااور قوم سے 9 مئی پھر کبھی نہیں۔ہمیں آگے بڑھنا ہے اور ترقی کی منازل طے کرنی ہیں۔ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو ایک روشن مستقبل دینا ہے۔