Get Alerts

بانی پی ٹی آئی کا 8 فروری کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان

8 فروری کو ملک بھر میں احتجاج ہوگا، تمام ٹکٹ ہولڈرز اپنے حلقوں میں احتجاج کریں گے، بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں کہ چیزیں بہتر ہوں، دوسری سائیڈ کو بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا پڑے گا، ہمیں سنا نہیں جارہا جبکہ سب پر مشترکہ فرد جرم عائد کردی گئی ، مجھے تو یہی پتا نہیں کہ ہمارا جرم کیا ہے لیکن ہم پر فرد جرم عائد ہوگئی ،سابق وزیر فواد چودھری

بانی پی ٹی آئی کا 8 فروری کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان

نیا دور نیوز ڈیسک:۔

سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے 8 فروری کو بلیک ڈے منانے کا اعلان کردیا ہے،8 فروری کو ملک بھر میں احتجاج ہوگا، تمام ٹکٹ ہولڈرز اپنے حلقوں میں احتجاج کریں گے، بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں کہ چیزیں بہتر ہوں، دوسری سائیڈ کو بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا پڑے گا۔

انہوں نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سنا نہیں جارہا جبکہ سب پر مشترکہ فرد جرم عائد کردی گئی ، مجھے تو یہی پتا نہیں کہ ہمارا جرم کیا ہے لیکن ہم پر فرد جرم عائد ہوگئی ۔ بانی کے حوصلے بلند ہیں وہ کہتے کہ پاکستان ایسے آگے نہیں بڑھ سکتا، ملک اس وقت ہیجانی کیفیت میں ہے، دہشتگردی بڑھ گئی اور معیشت بیٹھ گئی ہے۔

بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں کہ معاملات بہتری کی جانب جائیں، دوسری سائیڈ کو بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا پڑے گا، بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں کہ چیزیں بہتر ہوں ۔بانی پی ٹی آئی نے 8 فروری کو بلیک ڈے منانے کا اعلان کردیا ہے، 8 فروری کو ملک بھر میں احتجاج ہوگا، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ تمام ٹکٹ ہولڈرزاپنے حلقوں میں احتجاج کریں ۔ فواد چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے کبھی کوئی دوری نہیں تھی۔

مذاکرات ہوں ٹینشن نیچے آئے یہی پاکستان کیلئے اچھا ہوگا، اعجاز چوہدری کو پارلیمنٹ میں لے آتے تو درجہ حرارت نیچے آجاتا، ماحول حکومت نے بنانا ہے اپوزیشن کے پاس کیا ہے؟ حکومت کو چاہئے کہ اچھا ماحول پیدا کرے یہی پاکستان کیلئے بہتر ہے۔ حکومت سیاسی قیدیوں اور سیاسی ورکرز کیلئے نرمی پیدا کرے۔ مزید برآں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ویژن سے محروم حکمران ٹولہ صرف لوٹ مار میں مصروف ہے۔

 حکومتی اقدامات اور بعض عناصر کے پروپیگنڈہ سے ملک کا نوجوان مایوس ہو رہا ہے، وسائل کا رخ عوام کی طرف موڑا جائے تو پاکستان چند سالوں میں ترقی کر جائے گا، صرف آئی ٹی کے شعبہ پر توجہ دینے سے آئی ٹی ایکسپورٹ موجودہ 3.2ارب ڈالر سالانہ سے 10ارب ڈالر سالانہ ہو جائے گی، حکومت عوام کو کچھ دینے کے لیے تیار نہیں، 77برسوں سے مافیا ملک پر مسلط ہے، 1994ء سے تمام حکومتیں آئی پی پیز کو نواز رہی ہیں، چند آئی پی پیز مالکان کو کپیسٹی چارجز کی مد میں اور ٹیکسوں سے استثنیٰ قرار دے کر سالانہ تین ہزار ارب تک دیے جا رہے ہیں، حکمران اشرافیہ سے وسائل چھین کر عوام کو ان کا وارث بنائیں گے، 17جنوری کو مہنگی بجلی اور آئی پی پیزکے خلاف ملک گیر مظاہرے ہوں گے۔