سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے چیف الیکشن کمشنر پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آئین کے مطابق الیکشن کروائے گا۔ ہم سب کو سیاست کے بجائے معیشت کی فکر پہلے کرنی چاہیے۔
اپنے ایک بیان میں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئین کے مطابق انتخابات منعقد کرے گا۔ مردم شماری کے بعد الیکشن کمیشن کو نئی حلقہ بندیاں کرنی ہوتی ہیں۔
بیان میں آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں چیف الیکشن کمشنر اور تمام کمیشن اراکین پر مکمل اعتماد ہے۔ نگران حکومت ایس آئی ایف سی کے منصوبے جلد تکمیل تک پہنچائے۔ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے۔
سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان معاشی بحران کا سامنا کررہا ہے۔ ہمیں سیاست کی بجائے معیشت کی پہلے فکر ہونی چاہیے۔ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔
اس کے برعکس گزشتہ روز چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن کمیشن سے 90 سے 120روز کے اندر الیکشن کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن نے اپنی 4سالہ کارکردگی سے اپنی ساکھ عوام کے سامنے ثابت کردی ہے۔
سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عوام پر تجربے کرنا بند کریں اور ان کو خود فیصلے کرنے دیں۔ عوام آصف علی زرداری یا نواز شریف کو چنتے ہیں تو قبول کرنا چاہیے۔ عوام پی ٹی آئی کو چنتے ہیں تو بھی فیصلے کو قبول کرنا چاہیے۔
بعد ازاں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جیل کاٹنے والے نہ گھبرائیں۔ ان کی سیاست کی ٹریننگ ہورہی ہے۔ اب آپ کو سیاستدان بنایا جارہا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج کل ہم سن رہے ہیں کہ کچھ سیاست دانوں کو جیل میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہیں پیغام اور حوصلہ دیتے ہیں کہ گھبرانا نہیں ہے۔