Get Alerts

فواد چوہدری اور فردوس عاشق کو جسٹس وقار سیٹھ کی قبر پر جاکر معافی مانگنے کا حکم

فواد چوہدری اور فردوس عاشق کو جسٹس وقار سیٹھ کی قبر پر جاکر معافی مانگنے کا حکم
پشاور کی خصوصی عدالت کے جج وقار سیٹھ کے خلاف ہرزہ سرائی پر توہین عدالت کیس میں وفاقی وزیر فواد چوہدری اور فردوس عاشق اعوان نے پشاور ہائی کورٹ سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔

پشاور ہائیکورٹ نے پرویز مشرف کو پھانسی کی سزا سنانے والے خصوصی عدالت کے جج وقار سیٹھ کے خلاف وفاقی وزراء کی پریس کانفرنس پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور سابق معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان عدالت میں پیش ہوئیں۔ دونوں نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔

جسٹس روح الامین نے ان سے کہا کہ جس جج صاحب کی دل آزاری کی ہے ان کی قبر پر جاکر دعا کریں اور معافی مانگیں، اللہ تعالی بھی عفو درگزر کو پسند کرتا ہے لیکن جس بندہ کی آزاری کی ہو اس سے معافی مانگنا ضروری ہے، آپ ان کے قبر پر جائیں ان سے معافی مانگیں پھر ہمارے پاس آجائیں، آپ ذمہ دار لوگ ہیں، اگر اس طرح کی زبان استعمال کریں گے تو عام آدمی کیا کرے گے۔

عدالت نے دونوں کو تحریری حلف نامہ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آپ حلف نامہ جمع کرائیں پھر ہم آرڈر کریں گے۔

واضح رہے کہ اس کیس میں وفاقی وزیرقانون فروغ نسیم، سابق معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر اور سابق اٹارنی جنرل انور منصور پہلے ہی عدالت میں پیش ہوکر معافی مانگ چکے ہیں۔