پاکستان کو بیرونی قرضوں کی ادائیگی میں بڑا ریلیف مل گیا، پیرس کلب نے پاکستان کا قرضہ مؤخر کر دیا

پاکستان کو بیرونی قرضوں کی ادائیگی میں بڑا ریلیف مل گیا، پیرس کلب نے پاکستان کا قرضہ مؤخر کر دیا
پاکستان کو بیرونی قرضوں کی ادائیگی میں بڑا ریلیف مل گیا، پیرس کلب نے یکم مئی سے 31 دسمبر تک پاکستان کا قرضہ مؤخر کردیا ہے۔

اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عالمگیر وبا کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستان کا قرضہ مؤخر کیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق قرضہ مؤخر سہولت سے پاکستان کو قرضوں کی ادائیگی میں ریلیف مل سکے گا۔

پیرس کلب اعلامیے میں کہا گیا کہ G-20 ممالک بھی قرضوں کو مؤخر کرنے کی توثیق کرچکے ہیں۔



غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پریس کلب نے پاکستان کے ساتھ ساتھ چیڈ، ایتھوپیا اور جمہوریہ کانگو کا قرضہ بھی موخر کیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس دنیا بھر میں پھیلنے والی کرونا وائرس وبا کے بعد ترقی پذیر ممالک کی معیشت کو زبردست دھچکا لگا۔ اس حوالے سے پاکستان کی جانب سے بھی جی ٹوئنٹی ممالک سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ ترقی پذیر ممالک کا قرضہ مؤخر کریں۔ تاہم اپریل میں جی ٹوئنٹی ممالک اور پیرس کلب نے دنیا کے 77 غریب ترین ممالک کی قرض کی ادائیگی کو مؤخر کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیرس کلب سے قرضے مؤخر کرنے سے پاکستان کو1 ارب 10کروڑ ڈالر کا ریلیف ملے گا۔ پاکستان کو پیرس کلب کے قرضوں کی رواں سال جون تا دسمبر ادائیگیاں کرنی تھیں۔