Get Alerts

قتل کی دھمکیاں، بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی

شاہ رخ خان نے ریاستی حکومت کو درخواست کی تھی کہ انہیں فلم پٹھان اور جوان کی کامیابی کے بعد قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔

قتل کی دھمکیاں، بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی

بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان کو فلم " پٹھان" اور" جوان "کی کامیابی کے بعد قتل کی دھمکیاں ملنے لگی ہیں جس کے بعد اداکار کو Y+ سیکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’وائے پلس‘ کیٹیگری کی سیکیورٹی ملنے کا مطلب ہے کہ شاہ رخ خان کی سیکیورٹی پر 11 اہلکار موجود رہیں گے، جن میں سے 6 کمانڈوز ہوں گے۔

شاہ رخ خان کو قتل دھمکیاں ملنے کے بعد مہاراشٹرا حکومت نے اُن کی سیکیورٹی بڑھا کر وائے پلس کردی ہے۔

شاہ رخ خان نے ریاستی حکومت کو درخواست کی تھی کہ انہیں فلم پٹھان اور جوان کی کامیابی کے بعد قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔

کنگ خان کو 5 اکتوبر سے وائے پلس سیکیورٹی کور فراہم کردیا گیا ہے اور اس حوالے سے ریاستی انٹیلی جنس ادارے، پولیس کمشنرز، ضلعی پولیس اور سپیشل پروٹیکشن یونٹ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

ریاستی حکومت نے شاہ رخ خان کو 11 سیکیورٹی اہلکار فراہم کردیے ہیں جن میں 6 کمانڈوز، 4 پولیس اہلکار اور ٹریفک کلیئرنس اہلکار شامل ہے۔ اس کے علاوہ ممبئی میں شاہ رخ خان کے گھر "منت "کی سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔ ممبئی پولیس کے 4 اہلکار 24 گھنٹے اداکار کے گھر کی حفاظت پر مامور رہیں گے۔

واضح رہے کہ رواں سال شاہ رخ خان کے لیے خاصا اچھا رہا۔  چند ماہ قبل ریلیز ہونے والی یش راج فلمز کی" پٹھان" نے پوری دنیا میں کامیابی سے بزنس کرتے ہوئے 1050 کروڑ کا مجموعی بزنس کیا جب کہ فلم جوان اب تک پوری دنیا میں 1090 کروڑ کا بزنس کرچکی ہے۔

شاہ رخ خان کی دونوں فلمیں 2141 کروڑ کا بزنس کرچکی ہیں اور کنگ خان انڈسٹری کے واحد اداکار بن گئے ہیں جن کی دو فلموں نے ایک برس میں ایک ہزار سے زائد کا بزنس کیا ہے۔

اداکار کی ایک میگا فلم ’ ڈنکی‘ باقی ہے جسے راج کمار ہیرانی بنارہے ہیں۔ ‘ پٹھان’ اور ‘ جوان’ کے بعد اب وہ اپنی سال کی تیسری ریلیز ‘ ڈنکی’ کی تیاری کر رہے ہیں۔