Get Alerts

اردن: ملک میں کرونا کے حوالے سے بدترین حالات بتانے پر معروف اینکر اور چینل مالک گرفتار

اردن: ملک میں کرونا کے حوالے سے بدترین حالات بتانے پر معروف اینکر اور چینل مالک گرفتار
فوج نے کرونا وائرس کے باعث بدترین حالات کے بارے میں پروگرام کرنے پر معروف نیوز چینل کے مالک اور پروگرام کرنے والے صحافی کو ہی گرفتار کرلیا ہے۔ یہ معاملہ اردن میں پیش آیا ہے۔ بین الاقوامی نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اردن کے مشہور نیوز چینل ’رویا‘ نے ملک میں کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات پر ایک پروگرام کیا تھا جس میں بیروزگار ہونے والے افراد کی شکایات بھی شامل کی گئی تھیں۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق گرفتار کیے جانے والے ڈائریکٹر نیوز خود اس پروگرام کے میزبان تھے اور ان کا شو ملک کے معروف ٹاک شوز میں شمار کیا جاتا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ حکام نے ڈائریکٹر نیوز کو پروگرام کرنے کی وجہ سے 14 روز کے لیے حراست میں لینے کے احکامات دیے ہیں۔مذکورہ نیوز چینل نے اردن میں لاک ڈاؤن کے باعث بیروزگاری کی شرح بڑھنے اور ملک میں حالات بدتر ہونے پر پروگرام کیا تھا جس کے بعد اردن کی فوج نے کارروائی کی۔ٹی وی چینل کی جانب سے ایک بیان بھی جاری کیا گیا جس میں ڈائریکٹر نیوز اور ٹی وی کے مالک کی گرفتار کی تصدیق کی گئی ہے۔

اس تناظر میں اہم یہ ہے کہ اردن میں کرونا وائرس کی وجہ سے حکومت نے گزشتہ ماہ ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کی تھی جب کہ حکومت نے چند روز قبل 48 گھنٹوں کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کیا اور اس دوران باہر نکلنے والوں کی گرفتاری اور ایک سال قید کی سزا کے بھی احکامات جاری کیےگئے۔

اردون میں اب تک کورونا وائرس کے 372 کیسز سامنے آچکے ہیں جب کہ 7 افراد ہلاک ہوچکے ہیں