پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا ٹرینڈز کا حصہ نہ بنیں، کارروائی ہوگی: حکومت کا اعلان

پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا ٹرینڈز کا حصہ نہ بنیں، کارروائی ہوگی: حکومت کا اعلان

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر ملک مخالف ٹرینڈز چلانے والوں کے خلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔فواد چودھری کی معید یوسف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف 150 ٹرینڈ پشتون تحفظ مومنٹ اور حمایتیوں نے شروع کیے۔
ایسے ٹرینڈ شروع کرنے والوں میں میڈیا کے لوگ بھی شامل ہیں، ہمارے پاس آگے راستہ ہے، وزارت داخلہ کارروائی کرسکتی ہے۔ہم نے ملک مخالف چلنے والے ٹرینڈز کو بے نقاب کردیا ہے، ریاست کے خلاف چلنے والے ٹرینڈز کا حصہ نہ بنیں۔


وزیر اعظم کے قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جس طرح پروپیگنڈا کیا جارہا ہے یہ عالمی جرائم ہیں، پہلا مرحلہ ہے ڈیٹا کے ساتھ صورت حال سامنے رکھ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر کچھ بھی ہو اس پر یقین نہ کیا جائے، ہمارے سیکیورٹی ادارے اور حکومت متحرک ہے، مہم میں جو بھی ملوث ہیں انہیں بے نقاب کریں گے۔ پاکستان کے خلاف غلط معلومات پر مبنی مہم چلائی جارہی ہے، پاکستان فیک نیوز کا جواب حقائق اور ڈیٹا سے دے گا. عالمی میڈیا کو بتادوں ہم نے جنگ میں 70 ہزار جانیں قربان کیں، افغانستان میں امن پاکستان کی ترجیح ہے، حکومت اور افواج پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔