Get Alerts

ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 18فیصد سے زائد، رواں ہفتے 19 اشیاء مزید مہنگی ہوئیں، ادارہ شماریات

ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 18فیصد سے زائد، رواں ہفتے 19 اشیاء مزید مہنگی ہوئیں، ادارہ شماریات
سرکاری اعدادو شمار حکومتی دعووں کو منہ چڑانے لگے، ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی 18 فیصد سے نیچے نہ آسکی، ایک ہفتے میں 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کر دیئے، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.07 فیصد کی معمولی کمی ہوئی جبکہ مہنگائی کی مجموعی شرح 18.58 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ایک ہفتے میں دال مسور 6 روپے دال ماش 7 روپے اور دال مونگ 3 روپے فی کلو مہنگی ہوئی، جلانے کی لکڑی کی قیمت میں 4 روپے فی من اضافہ ہوا اسکے علاوہ پیاز، لہسن اور کھلے دودھ کی قیمت میں بھی 1 روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 9 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 23 میں استحکام دیکھا گیا، اس دوران ٹماٹر کی قیمت میں 13 روپے زندہ مرغی کی قیمت میں 25 روپے اور ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 71 روپے کی کمی آئی، بیس کلو آٹے کا تھیلا بھی 5 روپے سستا ہوا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے متعلق نیا دعویٰ کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ملک میں ہفتہ واربنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں کمی ہورہی ہے۔ ٹماٹرکی قیمت میں 13.37 فیصد، چکن کی قیمت میں 10.59 فیصد اور آلو کی قیمت میں 4.48 فیصد کمی ہوئی ۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح ایل پی جی کی قیمت میں 2.96 فیصد، چینی کی قیمت میں 1.03 فیصد اور گڑ کی قیمت میں 0.51 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ آٹے کی قیمت میں 0.46 فیصد اور سرسوں کے تیل کی قیمت میں 0.27 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جب کہ انڈوں کی قیمت میں 0.26 فیصد کی کمی ہوئی ۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے مزید کہا کہ پیاز کی قیمت میں 31.99 فیصد اور دال مونگ کی قیمت میں 25.03 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں دن بدن بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کیے ہیں، جس کے تحت گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں اعشاریہ صفرسات فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد مہنگائی کی مجموعی شرح کم ہوکر18.58 فیصد ہوگئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، پیاز، لہسن اور کھلے دودھ کی قیمت میں ایک روپے کا اضافہ ہوا، اسی طرح دال مسور کی قیمت میں6 روپے، دال ماش کی قیمت میں7 روپے اور دال مونگ کی قیمت میں 3 روپے اضافہ ہوا۔

ایک ہفتے کے دوران 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، جن میں انڈوں کی قیمت میں 26 پیسے اورآلو کی قیمت میں4 روپے 48 پیسے، 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 5 روپے اور ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 71 روپے کی کمی ہوئی۔ اسی طرح زندہ مرغی کی قیمت میں 25 روپے کمی ریکارڈ کی گئی۔ ٹماٹر کی قیمت میں13 روپے فی کلو کمی آئی۔ اسی طرح ایک ہفتے کے دوران 23 میں استحکام رپورٹ ہوا ہے۔