شائقین کیلئے خوشخبری، 17 دسمبر کو پاکستان اور انڈیا کا ٹاکرا ہوگا

شائقین کیلئے خوشخبری، 17 دسمبر کو پاکستان اور انڈیا کا ٹاکرا ہوگا
ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 14 دسمبر سے شروع ہو گی جس میں 6 ایشیائی ٹیمیں بنگلا دیش، پاکستان، بھارت، جنوبی کوریا، جاپان اور ملائیشیا ٹائٹل کے حصول کے لئے نبرد آزما ہوں گی۔

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے ایونٹ کا انعقاد رواں ماہ 14 دسمبر سے بنگلا دیش کے شہر ڈھاکہ میں شروع ہورہا ہے۔ ایشیا ہاکی فیڈریشن کے مطابق ٹورنامنٹ میں 6 ایشیائی ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں میزبان بنگلا دیش، پاکستان، بھارت، جنوبی کوریا، جاپان اور ملائیشیا شامل ہیں۔

ہر ٹیم پانچ پول میچ کھیلے گی اور 4 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گی۔ شیڈول کے مطابق قومی ہاکی ٹیم ٹورنامنٹ میں مہم کا آغاز14 دسمبر کو جاپان کے خلاف میچ سے کرے گی۔

پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ 15 دسمبر کو ملائیشیا، تیسرا میچ 17 دسمبر کو روایتی حریف بھارت، چوتھا میچ 18 دسمبر کو جنوبی کوریا جبکہ پانچواں اور آخری لیگ میچ 19 دسمبر کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔

ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنل مقابلے 21 دسمبر جبکہ فائنل 22 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ یہ ٹورنامنٹ گزشتہ سال نومبر میں شیڈول تھا مگر ایشین ہاکی فیڈریشن نے کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے اسے ملتوی کر دیا تھا۔