لیفٹیننٹ جنرل (ر) شجاع پاشا کو گورنر سندھ لگائے جانے کا امکان، میڈیا رپورٹس

لیفٹیننٹ جنرل (ر) شجاع پاشا کو گورنر سندھ لگائے جانے کا امکان، میڈیا رپورٹس
پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) شجاع پاشا کو پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں اہم ذمہ داری ملنے کا قوی امکان، وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) شجاع پاشا کو صوبہ سندھ میں گورنر تعینات کیے جانے کا قوی امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ میں وفاقی حکومت کی رٹ کو مؤثر طور پر لاگو کرنے کے لیے لیفٹیننٹ جنرل (ر) شجاع پاشا کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) شجاع پاشا 2008 سے 2012 تک پاک فوج میں پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سربراہ کے طور پر خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں۔ یہ وہ دور تھا جب پاکستان میں میمو گیٹ سکینڈل منظر عام پر آیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلے تو جنرل پاشا کی بطور گورنر سندھ نامزدگی کی خبریں زیرگردش تھیں لیکن اب یہ خبر سامنے آ رہی ہے کہ کسی بھی وقت جنرل پاشا کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کا اعلان ہو سکتا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ کچھ ہفتوں سے وفاقی حکومت اور سندھ حکومت کے درمیان کشیدگی جاری ہے جس سے کرونا وائرس کے وبا اور سندھ میں فصلوں کو نقصان پہنچانے والی ٹڈیوں کے خلاف حکمت عملی بنانے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس صورتحال میں وفاقی حکومت کا صبر جواب دے رہا ہے، اس لیے سندھ میں پیپلز پارٹی کو قابو کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کے ہائی پروفائل ریٹائرڈ جنرل کو بطور گورنر تعینات کیا جا رہا ہے۔