عیدالاضحیٰ کے بعد 10 دنوں میں کرونا کے 6000 سے زائد کیسز رپورٹ، 136 افراد جان سے گئے

عیدالاضحیٰ کے بعد 10 دنوں میں کرونا کے 6000 سے زائد کیسز رپورٹ، 136 افراد جان سے گئے
ایک جانب حکومت کی طرف سے مسلسل کہا جا رہا ہے کہ ملک میں کرونا کی صورتحال بہتر سے بہترین کی طرف جا رہی ہے۔ اور اسکی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا وائرس سے اموات اور کیسز میں کمی کا رجحان نمایاں ہے جبکہ ہسپتالوں میں بھی کرونا کے مریضوں کا بوجھ کم ہوا ہے۔

اسی بنا پر حکومت نے تقریباً 95 فیصد معاشی سرگرمیاں بحال کردی ہیں۔ دوسری جانب اگر اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو عید الضحیٰ کے بعد سے روزانہ کرونا کے اوسطاً 604 کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں جب کہ ایک روز میں 845 کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں یوں 6040 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ساتھ ہی ساتھ اوسطاً 13 اموات روزانہ ہو رہی ہیں۔ گزشتہ روز رپورٹ ہونے والی اموات کی تعداد 17 رہی ہے۔ 

اس ضمن میں یہ بات بھی اہم ہے کہ پاکستان میں روزانہ ٹیسٹنگ کی تعداد میں بھی  نمایاں کمی کی گئی ہے اور اس وقت روزانہ ٹیسٹس ابتدا کی ٹیسٹنگ سے 50 فیصد سے بھی کم ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے عیداالضحیٰ اور محرم کے اثرات کو دیکھے بغیر معاشی سرگرمیاں بحال کرنے کو خطرناک قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ کرونا وائرس کسی بھی صورت گیا نہیں ہے اور اس حوالے سے احتیاط میں گریز پھر سے تباہ کن صورتحال بنا سکتا ہے۔