پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے باعث 111 مریض ہلاک ہوئے جس کے بعد ملک میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 2839 ہو گئی ہے۔ نینشل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق گذشتہ دو روز میں پاکستان میں کرونا کے مثبت کیسز میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اگر اعداد و شمار کو دیکھا جائے تو پیر کو 4443 کیسز سامنے آئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کی نسبت پیر کو 805 کیسز کم تھے۔ حکام کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ 14 جون کو مثبت کیسز کی تعداد 5248 تھی۔
گذشتہ ایک روز میں 25015 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے اور 56390 مریض صحت یاب ہوئے۔
ملک بھر میں کرونا کے مریضوں کے لیے مختص 1400 وینٹی لیٹرز میں سے 482 کو مریضوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ بلوچستان اور کشمیر میں کوئی بھی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں ہے۔ ہسپتالوں میں زیر علاج کل مریضوں کی تعداد8,431 ہے۔