این سی او سی کا کہنا ہےکہ پاکستان میں مسلسل پانچویں دن کرونا مثبت کیسز کا تناسب بڑھ رہا ہے، گزشتہ 4 دنوں میں اوسطاً مثبت شرح 40 فیصد زیادہ ہے جب کہ اموات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ جبکہ پاکستان میں کرونا سے اموات کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا۔
وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پاکستان میں کرونا کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
این سی او سی کی آبزرویشن کے مطابق دیگر علاقوں کی طرح مظفرآباد، حیدرآباد، کراچی اورگلگت میں مثبت کیسز کا تناسب بھی زیادہ ہے، ہسپتالوں میں تشویشناک مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جب کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں کرونا مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کرونا سے اموات کا تناسب دنیا کے 2.72 فیصد تناسب کے مقابلے میں 2.06 فیصد ہے اور انتقال کرنے والوں میں 76 فیصد کی عمر 50 سال سے زیادہ تھی جب کہ پاکستان میں کروناسے 71 فیصد مردجاں بحق ہوئے۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے کرونا کے بڑھتے کیسز سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یکم ستمبرکوپنجاب میں اموات کا تناسب 1.6 تھا اور آج 6 ہے، صوبے میں مثبت کیسزکا تناسب 0.92 سے بڑھ کر 1.33 تک ہوگیا ہے۔