پاکستان میں روزانہ اٹلی اور سپین سے زیادہ کرونا کے نئے کیسز، اموات میں خوفناک اضافہ

پاکستان میں روزانہ اٹلی اور سپین سے زیادہ کرونا کے نئے کیسز، اموات میں خوفناک اضافہ

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے کرونا کے حوالے سے  بدترین ثابت ہوئے ہیں جن کے دوران  کرونا سے مزید 96 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1379 ہو گئی جب کہ مزید 2363 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 65059 تک پہنچ گئی ۔ جس کے بعد ڈیٹا سے واضح ہو رہا ہے کہ اس وقت پاکستان میں اٹلی اور سپین سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ اور انکی شرح وہی ہے جو آج سے ایک ماہ قبل ان یورپی ممالک میں تھی جہاں کرونا وائرس نے بد ترین قہر ڈھایا ہے۔


اس وقت اٹلی اور سپین میں روزانہ کی بنیاد پر ایک ہزار سے کم کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔  اٹلی میں نئے کیسز کی تعداد میں گزشتہ 3 دنوں میں روزانہ کے حساب سے 600  کیسز تک کا اضافہ ہوا ہے جبکہ پاکستان میں گزشتہ تین روز میں 5 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔

پاکستان میں ڈاکٹرز اور دیگر طبی ماہرین مسلسل متنبہ کر رہے ہیں کہ اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو جلد ہی پاکستان کے ہسپتالوں میں کرونا کے مریض رکھنے کی گنجائش ختم ہوجائے گی جس کے بعد صورتحال خوفناک شکل اختیار کر سکتی ہے۔

جیو نیوز کے مطابق جمعہ کے روز ملک بھر سے کرونا کے مزید 2363 کیسز اور 96 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن میں سندھ میں 804 کیسز 31 ہلاکتیں، پنجاب سے 927 کیسز 29 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا سے 225 کیسز 13 ہلاکتیں، بلوچستان 312 کیسز 19 ہلاکتیں،  اسلام آباد 85 کیسز 4 ہلاکتیں، آزادکشمیر سے 8 کیسز اور گلگت بلتستان سے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کرونا سے 445 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 427 اور پنجاب میں 410 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 60 ، اسلام آباد 23، گلگت بلتستان میں 9 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 5 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔