سنی دیول کی 'غدر 2' نے ریلیز کے پہلے ہی دن 40 کروڑ کما لیے

بالی ووڈ میں سنی دیول کی غدر 2 اور اکشے کمار کی او مائی گاڈ 2 ریلیز ہوئی ہیں۔ یہ دو فلمیں اپنے وقت کی سپر ہٹ فلموں کے سیکوئل ہیں۔ غدر ایک پریم کتھا ماچو مین سنی دیول کی فلم تھی جو 2001 میں ریلیز ہوئی تھی جس کے ڈائریکٹر انیل شرما تھے۔ اب 23 سال بعد غدر 2 ریلیز ہوئی ہے۔ غدر 2 کوپہلے دن بھارت سے 40 کروڑ کی تاریخی اوپننگ ملی ہے۔

سنی دیول کی 'غدر 2' نے ریلیز کے پہلے ہی دن 40 کروڑ کما لیے

رواں ویک اینڈ بھارتی فلم انڈسٹری کی تاریخ کا سب سے اہم ترین ہفتہ قرار دیا گیا تھا۔ 11 اگست سے شروع ہونے والے ویک اینڈ میں بھارت بھر میں چار فلمیں ریلیز ہوئی ہیں۔ چاروں کے ہیرو بھارت کے ٹاپ سٹارز ہیں۔ بھارت کی فلموں کے چار اہم ترین مرکز ہیں جن میں ممبئی، چنائے، حیدر آباد اور بنگلور شامل ہیں جن کو جنوبی بھارت اور بولی ووڈ قرار دیا جاتا ہے۔ اگر جنوبی بھارت اور بالی ووڈ میں ایک ہی وقت میں بڑی فلمیں ریلیز ہوں تو پورے بھارت کے میڈیا کی خبروں کا مرکز بالی ووڈ اور جنوبی بھارت کے سنیما گھروں کے باہر کی بھیڑ ہوتی ہے۔ اس سال بھی ایسا ہی ہوا۔

اگست چونکہ آزادی کا ماہ ہے لہٰذا بھارت میں 14 اور 15 اگست کو چھٹی ہوتی ہے اور 11 اگست سے ویک اینڈ شروع ہو جاتا ہے لہٰذا فلمیں جمعہ کو ریلیز ہوتی ہیں اور منگل تک خوب بزنس کرتی ہیں۔ اوپر سے سکول اور کالج بھی بند ہوتے ہیں۔ اس سال اگست کے وسط میں ریلیز ہونے والی فلموں کا جائزہ لیتے ہیں۔

بالی ووڈ میں سنی دیول کی غدر 2 اور اکشے کمار کی او مائی گاڈ 2 ریلیز ہوئی ہیں۔ یہ دو فلمیں اپنے وقت کی سپر ہٹ فلموں کے سیکوئل ہیں۔ غدر ایک پریم کتھا ماچو مین سنی دیول کی فلم تھی جو 2001 میں ریلیز ہوئی تھی جس کے ڈائریکٹر انیل شرما تھے۔ سکرپٹ شکتی سائت تلوار کا تھا۔ نغمہ نگار آنند بخشی اور میوزک اتم سنگھ کا تھا۔ فلم کا بجٹ 18 کروڑ تھا اور پوری دنیا سے بزنس 133 کروڑ تھا۔ اب 23 سال بعد غدر 2 ریلیز ہوئی ہے۔ ایک ہجوم ہے۔ دیوانگی ہے۔ پاگل پن ہے۔ عوام کا اس فلم کے لئے سنی دیول کی واپسی سلور سکرین پر زلزلہ آ جاتا ہے۔ لندن میں یہ حال ہے، پتہ نہیں بھارت میں کیا ہو گا۔

فلم سنی دیول سے شروع ہوتی ہے اور اسی پر ختم ہوتی ہے۔ اس میں اور کچھ نہیں دیکھنے کے لیے۔ لارجر دین لائف سنیما جو انیل شرما کی تخلیق ہے وی ایف ایکس کے زمانے میں پرانے انداز سے ایکشن شوٹ کر کے انیل شرما نے اپنی مہارت دکھائی ہے۔ آج ایک تاریخی اوپننگ ڈے مل رہا ہے۔ فلم کا بزنس 200 کروڑ سے اوپر جائے گا۔ فلم نے ملٹی پلیکس کو بھی سنگل سکرین سنیما بنا دیا ہے۔ فلم کا سکرپٹ شکتی ساونت تلوار کا ہے۔ میوزک مونٹی شرما کا ہے مگر نئے گانے بے جان ہیں۔ پرانے دونوں گیت؛ میں نکلا گڈی لے کے اور اڈ جا کالے کاواں ہی فلم کی جان ہیں۔ غدر 2 کا بجٹ 50 کروڑ ہے اور پہلے دن بھارت سے 40 کروڑ کی تاریخی اوپننگ ملی ہے۔

دوسری فلم سپر سٹار اکشے کمار کی او مائی گاڈ 2 ہے۔ او مائی گاڈ 2012 میں ریلیز ہوئی تھی جس کے سکرپٹ رائٹر اور ڈائریکٹر اومش شکلا تھے۔ فلم میں پاریش راول، اکشے کمار اور متھن چکرورتی نے ناقابل فراموش اداکاری کی تھی۔ فلم کا بجٹ 60 کروڑ تھا اور بزنس 193 کروڑ تھا۔ اب او مائی گاڈ 2 ریلیز ہوئی ہے۔ فلم میں سیکس ایجوکیشن کو موضوع بنایا گیا ہے۔ تمام ناقدین نے فلم کی بہت تعریف کی ہے۔ امیت رائے کے سکرپٹ اور ہدایت کاری کی بہت تعریف و تحسین ہو رہی ہے۔ پنکج ترپاٹھی اور اکشے کمار کی اداکاری کو بہت سراہا جا رہا ہے۔ او مائی گاڈ 2 کا بجٹ 80 کروڑ ہے اور پہلے دن 10 کروڑ کی اچھی اوپننگ ملی ہے۔

جنوبی بھارت میں میگا سٹار چیرن جئیوی کی فلم بھولا شنکر ریلیز ہوئی ہے جو تیلگو زبان میں ہے۔ فلم کا بجٹ 80 کروڑ ہے۔ فلم نے جنوبی بھارت اور دنیا بھر سے پہلے دن میں 30 کروڑ کی کمائی کی ہے۔ مہر رمیش کی ہدایت کاری لاجواب ہے۔

جنوبی بھارت کی دوسری فلم بھگوان کا اوتار کہے جانے والے رجنی کانت کی فلم جیلر ہے جس میں ملیالم سنیما کے موہن لال اور بولی ووڈ سے جیکی شروف بھی ہیں۔ تامل ناڈو میں 10 اگست کو رجنی کانت کی فلم کی وجہ سے سپیشل ہالی ڈے دی گئی تھی۔ فلم کا بجٹ 130 کروڑ ہے اور اب تک تامل ناڈو اور دنیا بھر سے فلم 95 کروڑ کما چکی ہے۔

یوں بھارتی فلم انڈسٹری کی ان چار فلموں نے اب تک دنیا بھر سے 190 کروڑ کا بزنس کر لیا ہے اور 15 اگست کے دن کے خاتمے تک یہ بزنس 500 کروڑ کے لگ بھگ ہو سکتا ہے۔

حسنین جمیل 17 سال سے صحافت سے وابستہ ہیں۔ وہ افسانوں کی تین کتابوں؛ 'کون لوگ'، 'امرتسر 30 کلومیٹر' اور 'ہجرت' کے مصنف ہیں۔