Get Alerts

جمہوریت کے بارے میں ریمارکس پر قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات نے حسن نثار کو طلب کرلیا

جمہوریت کے بارے میں ریمارکس پر قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات نے حسن نثار کو طلب کرلیا
اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے جمہوریت کے بارے میں ریمارکس پر صحافی حسن نثار کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے اجلاس کے لیے ریکوزیشن ایک بار پھر قومی اسمبلی سیکریٹیریٹ میں جمع کروا دی گئی۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی میاں جاوید لطیف نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو ایک بار پھر کمیٹی میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کر دیا جبکہ کمیٹی نے رانا شمیم اور انصار عباسی کو بھی آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا۔ قائمہ کمیٹی کے چیئرمین میاں جاوید لطیف نے پی ٹی آئی کے سابق صدر جاوید ہاشمی کو بھی اجلاس میں طلب کر لیا۔

جاوید ہاشمی کو قائمہ کمیٹی میں نواز شریف کو ہٹانے اور وزارت عظمی کے لیے عمران خان کا راستہ ہموار کرنے میں عدلیہ کے کردار بارے بیان کی تفصیل بھی مانگی گئی ہے۔

قومی اسمبلی کی وائمہ کمیٹی برائے اطلاعات نے جمہوریت کا نام لینے والے کو گولی سے اڑانے اور لواحقین سے گولی کی قیمت وصول کرنے پر سینئر صحافی و تجزیہ نگار حسن نثار کے بیان کا نوٹس لے لیا، کمیٹی نے حسن نثار کو کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں پیش ہونے کانوٹس بھی جاری کر دیا۔ حسن نثار کے اس معاملے پر چیئرمین پیمرا کو بھی آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا گیا۔