لاہور کے علاقے ڈیفنس میں 2 کمسن گھریلو ملازمین پر تشدد کے نتیجے میں 1 بھائی ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔
پولیس کی جانب سے دونوں بھائیوں پر تشدد کے الزام میں خاتون سمیت 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس میں 2 کم عمر گھریلو ملازمین پر مبینہ تشدد کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں 1 بچہ جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہے، دونوں بھائی کراچی کے رہائشی تھے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ دونوں بھائی 12 سالہ کامران اور 6 سالہ رضوان ایک سال سے نصر اللّٰہ نامی شہری کے گھر کام کر رہے تھے، جہاں تشدد کے باعث کامران جاں بحق اور رضوان شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں بچوں کی حالت غیر ہونے پر ملزمان انہیں نجی اسپتال لے کر گئے، اسپتال کے عملے نے بچوں کی حالت دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس نے بتایا ہے کہ ملزمان نے بچوں کے ورثاء کا جو نمبر دیا وہ بند ہے، ملزمان کے خلاف پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ملزمان کی جانب سے پولیس کو دیے گئے بیان کے مطابق بچوں کو فریج سے اشیاء کھانے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
پولیس کے مطابق دونوں بھائیوں پر تشدد کے الزام میں نصر اللّٰہ، اس کی بیوی اور ایک بیٹے محمود کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ملزم ابوالحسن اور حنا فرار ہو گئے ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
سی سی پی او لاہور کی جانب سے مفرور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا گیا ہے۔
سی سی پی او لاہور کا اس افسوس ناک واقعے پر کہنا ہے کہ بچوں پر تشدد برداشت نہیں، سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔