Get Alerts

ہمارا ریلیف پیکج آپ کے ملک کی جی ڈی پی جتنا بڑا ہے: بھارت کا عمران خان کو جواب

ہمارا ریلیف پیکج آپ کے ملک کی جی ڈی پی جتنا بڑا ہے: بھارت کا عمران خان کو جواب
بھارت نے وزیراعظم عمران خان کی کیش ٹرانسفر پروگرام کی پیشکش پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا ریلیف پیکج آپ کے ملک کی جی ڈی پی جتنا بڑا ہے۔ عمران خان کو مشیر بدلنے کا مشورہ بھی دے دیا۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو احساس کیش پروگرام کے تبادلے کی پیشکش کی تھی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ کرونا سے متاثرہ ایک کروڑ خاندانوں کو شفاف طریقے سے امداد فراہم کی گئی، بھارت کی مدد اور ان کے ساتھ کیش ٹرانسفر پروگرام کا طریقہ کار شیئر کرنے کیلئے تیار ہیں۔ تاہم بھارت نے وزیراعظم پاکستان کی اس پیشکش کو مسترد کر دیا ہے۔

بھارت کے خارجہ امور کے ترجمان انوراگ سریواستو نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بھارت کو کیش ٹرانسفر پروگرام کی پیشکش پر کہا کہ ہمارا ریلیف پیکج آپ کے ملک کی جی ڈی پی جتنا بڑا ہے، پاکستان کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ان کا قرض ان کی مجموعی قومی پیداوار کا 90 فیصد ہے۔

انوراگ سریواستو نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی عوام کے بجائے ملک سے باہر بینک اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ اور وزیراعظم عمران خان کو نئے مشیروں اور بہتر معلومات حاصل کرنے کا مشورہ بھی دیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر ایک میڈیا رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت میں 34 فیصد گھرانے اضافی امداد کے بغیر ایک ہفتے سے زیادہ گزارا کرنے کے قابل نہیں ہیں۔ وزیراعظم نے بھارت کو مدد اور پاکستان کے احساس کیش ٹرانسفر پروگرام کے تبادلے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کو شفافیت اورعوام تک رسائی کی وجہ سے عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے مستحق شہریوں کو کرونا کے اثرات سے بچانے کے لیے کامیابی سے 9 ہفتوں میں 120 ارب روپے تقسیم کیے ہیں۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس کے ابتدائی ایام میں جب لاک ڈاؤن کیا گیا تھا تو وزیراعظم عمران خان نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کی بنیاد رکھی تھی جس کے تحت غریب عوام کو حکومت کی جانب سے ریلیف کی رقم دی گی۔