Get Alerts

بھارت پاکستان کو نشانہ بنانے کے لیے جعلی آپریشن کا بہانہ ڈھونڈ رہا ہے، وزیراعظم عمران خان

بھارت پاکستان کو نشانہ بنانے کے لیے جعلی آپریشن کا بہانہ ڈھونڈ رہا ہے، وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنے بیان میں دنیا کو ایک بار پھر خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کو نشانہ بنانے کے لیے جعلی آپریشن کا بہانہ ڈھونڈ رہا ہے۔ پاکستان کے خلاف حملے کے لیے مسلسل بہانہ تراشنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے دنیا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت، پاکستان کو جعلی آپریشن کا نشانہ بنانے کے لیے بہانہ تلاش کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول ( ایل او سی ) پر دراندازی کے حالیہ الزامات اسی خطرناک ایجنڈے کا تسلسل ہیں۔



ایک اور ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارتی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کا براہ راست نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی مشترکہ فاشسٹ پالیسیاں خطے کے لیے سنگین خطرہ ہیں، بین الاقوامی برادری لازمی کارروائی کرے اس سے قبل کہ بھارت کے لاپرواہ اقدامات جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کو خطرے سے دوچار کریں۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل بابر افتخار نے بھارت کے پاکستان پر لانچ پیڈ کے الزامات کو غلط اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے عالمی مبصرین کو دورہ کرنے کی دعوت دی تھی۔

نجی نشریاتی ادارے اے آر وائے کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارتی قیادت کی جانب سے پاکستان پر بے بنیاد الزام لگائے جارہے ہیں، لانچ پیڈ سے متعلق بھارتی بیانات سراسر غلط اور بے بنیاد ہیں اور اس کے لیے ایک موثر میکانزم اقوام متحدہ کے مبصرین کا موجود ہے، ہم انہیں دعوت دیتے ہیں کہ آئیں دیکھیں کہ کہاں ہیں لانچ پیڈز، ہم انہیں دورہ کرنے کی پوری اجازت دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ دفتر خارجہ کے مطابق اب تک بھارت نے رواں سال کے دوران 957 مرتبہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کی ہیں۔