ایران میں کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے شراب پینے والے 44 افراد ہلاک

ایران میں کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے شراب پینے والے 44 افراد ہلاک
ایران میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے شراب پینے سے ہلاک افراد کی تعداد 44 ہو گئی۔

ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق لوگوں کی بڑی تعداد نے اس غلط اطلاع پر شراب پی کہ اس طرح وہ ایران میں بڑے پیمانے پر پھیلے کرونا وائرس سے محفوظ ہو جائیں گے لیکن شراب ان کے لیے زہر ثابت ہوئی۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق غیر قانونی شراب پینے سے سب سے زیادہ 36 ہلاکتیں ایران کے جنوب مشرقی صوبے خزیستان میں ہوئیں جو تین روز قبل تک خزیستان میں کرونا وائرس کے باعث ہونے والی براہ راست 18 ہلاکتوں سے دو گنا زیادہ ہے۔

خزیستان کے علاوہ شراب پینے سے 7 ہلاکتیں شمالی علاقے البورز اور ایک کرمان شاہ میں ہوئی۔

خیال رہے کہ ایران میں مسلمانوں کے شراب پینے پر سخت پابندی عائد ہے لیکن اس کے باوجود میڈیا پر بڑی تعداد میں سمگل شدہ شراب پینے کے کیسز رپورٹ ہوتے ہیں۔

ایران چین اور اٹلی کے بعد کرونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں اب تک 354 افراد ہلاک اور 9000 متاثر ہو چکے ہیں۔

ایران میں کرونا وائرس کے باعث رکن پارلیمنٹ فاطمی رہبر بھی ہلاک ہو چکی ہیں جب کہ ایران کی نائب صدر برائے خواتین سمیت کئی اراکین پارلیمنٹ میں بھی کرونا وائرس وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔