آصفہ بھٹو زرداری خاتونِ اوّل بنیں گی، صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنی صاحبزادی کو جلد فرسٹ لیڈی بنانے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔
نجی نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے ترجمان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی کی جانب سے تصدیق کی گئی کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری کوخاتونِ اوّل بنانے کا اعلان جلد کریں گے۔ صدر کی جانب سے آصفہ بھٹو کو باضابطہ طور پر فرسٹ لیڈی جلد ڈکلیئر کیا جائے گا۔
ایوانِ صدر کی طرف سے آصفہ بھٹو کو خاتونِ اوّل کا پروٹوکول ملے گا۔ اس سے قبل ملک کے کسی صدر نے اپنی بیٹی کو خاتونِ اوّل بنانے کا اعلان نہیں کیا۔ صدر زرداری نے صاحبزادی آصفہ بھٹو کو خاتونِ اوّل بنا کر تاریخ رقم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
عام طور پر خاتونِ اول کا خطاب صدرِ مملکت کی اہلیہ کو دیا جاتا ہے اور پاکستان کی تاریخ میں بھی ہمیشہ ایسا ہی ہوتا چلا آیا ہے لیکن آصف علی زرداری کا نام صدر کے طور پر سامنے آنے پر یہ سوال زیرِ گردش تھا کہ اس حکومت میں خاتونِ اول کون ہوں گی کیونکہ اگر سابق وزیرِ اعظم بے نظیر بھٹو حیات ہوتیں تو یہ اعزاز انہیں حاصل ہوتا لیکن صدرِ مملکت کی اہلیہ نہ ہونے کے سبب انہوں نے اپنی بیٹی آصفہ کو اس اعزاز سے نوازنے کا فیصلہ لیا ہے۔
آصفہ بھٹو ملک کی پہلی خاتونِ اوّل بنیں گی جو صدر کی صاحبزادی ہیں۔ 8فروری کو آصفہ بھٹو نے پی پی پی کیلئے ملک گیر انتخابی مہم کے دوران اہم کردار ادا کیا تھا۔ اگرچہ آصفہ گزشتہ چندسالوں سے سیاسی مہموں کا حصہ بنتی رہی ہیں لیکن وہ خود بطور لیڈر سامنے آنے کے بجائے بڑے بھائی بلاول بھٹو کو سپورٹ کرتی نظر آرہی ہیں۔
سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو 3فروری 1993 کے روز پیدا ہوئیں جن کو بلاول بھٹو زرداری کے بعد ملکی سیاست میں پیپلز پارٹی کی سب سے توانا آواز قرار دیا جارہا ہے۔ خاتونِ اوّل بنائے جانے کے اعزاز کے بعد آصفہ بھٹو کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی۔