جمائمہ نے خاتونِ اوّل بشریٰ بی بی اور عمران خان سے متعلق ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی

جمائمہ نے خاتونِ اوّل بشریٰ بی بی اور عمران خان سے متعلق ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی
وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ گولڈ سمتھ نے ’لالی وڈ پوسٹر‘ اور اس کے ساتھ لکھے گئے ’کالے جادو‘ کے کیپشن پر مبنی ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی۔ یہ بات تاحال واضح نہیں ہو سکی کہ جمائمہ گولڈ سمتھ نے عمران خان، ان کی موجودہ اہلیہ بشریٰ بی بی اور اپنی تصویر پر مشتمل پوسٹر سمیت دو ٹویٹس کیوں ڈیلیٹ کی ہیں۔

منگل کو پوسٹر شیئر کرتے وقت کی گئی اپنی ٹویٹ میں جمائما نے لکھا تھا کہ انہیں یہ پوسٹر لاہور سے کسی دوست نے بھجوایا ہے۔ پوسٹر کے اوپر تصاویر کے علاوہ ’تو نے کیسا جادو کیا‘ کا جملہ بھی درج تھا جس کا ترجمہ کرتے ہوئے جمائمہ نے اسے ’بلیک میجک‘ کہہ دیا تھا۔





پوسٹر پر مبنی پہلی ٹویٹ کے کچھ دیر بعد جمائمہ نے ایک اور ٹویٹ میں اپنے سابقہ عمل کی وضاحت کی تھی۔ انہوں نے لکھا کہ ’اس سے کسی کی بے ادبی مطلوب نہیں ہے۔ آپ کی اکثریت کی طرح میں نے بھی اسے دلچسپ پایا ہے۔ میں پاکستانی فلموں کے پوسٹرز، سٹریٹ آرٹ اور ٹرک آرٹ کو پسند کرتی ہوں۔‘



1995 سے 2004 تک عمران خان کی اہلیہ رہنے والی جمائمہ کی ٹویٹ کے بعد ان کا نام ٹویٹر کی ٹرینڈز لسٹ کا حصہ بنا رہا تھا۔ ہیش ٹیگ کے بغیر ٹرینڈ لسٹ میں آنے سے واضح تھا کہ ٹوئٹر صارفین کی خاصی تعداد اس موضوع پر گفتگو کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان سے نو برس کی شادی کے دوران ہونے والے دو بیٹیوں سلیمان عیسیٰ خان اور قاسم خان کی والدہ جمائمہ طلاق کے بعد سے بیٹوں کے ہمراہ برطانیہ میں مقیم ہیں۔ ’وی سٹیل سیکرٹس‘ اور ’دی سٹوری آف وکی لیکس‘ نامی فلموں میں اداکاری کرنے والی جمائمہ مارسیل گولڈ سمتھ برطانیہ کے کلچرل اور پولیٹیکل میگزین کے ساتھ بطور صحافی وابستہ رہی ہیں۔ فلم اور ڈاکیومینٹری پروڈکشن کی دنیا کا رخ کرنے والی جمائمہ پاکستانی سیاست سمیت دیگر موضوعات خصوصاً سابق شوہر عمران خان کی سرگرمیوں کو سوشل میڈیا پر زیربحث لاتی رہتی ہیں۔