وومن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کا ایک اور ریکارڈ

پاکستان کی وومن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور تجربہ کار آل رائونڈر ثنا میر نے ون ڈے کرکٹ میں ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔  وہ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جا رہے میچ میں وومن ون ڈے کرکٹ میں سے زیادہ وکٹیں لینے والی سپنر بن گئی ہیں۔

آئی سی سی وومن چیمپئن شپ کے تیسرے میچ میں ثنا میر نے حریف ٹیم کی کپتان سون لوس کو پویلین رخصت کر کے یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔



وہ 147 وکٹوں کے ساتھ ون ڈے کرکٹ کی کامیاب ترین سپنر بن گئی ہیں۔ انہوں نے ویسٹ انڈین سپنر انیسہ احمد کو عالمی ریکارڈ سے محروم کیا ہے جنہوں نے 146 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

وومن ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی گیندبازوں میں ثنا میر تیسرے نمبر پر ہیں۔

وومن ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز بھارت کی جھولن گوسوامی کے پاس ہے جنہوں نے اب تک 218 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں جب کہ 180 وکٹوں کے ساتھ آسٹریلیا کی کیتھرین فٹز پیٹرک دوسرے نمبر پر ہیں۔



ثنا میر بنیادی طور پر آل رائونڈر ہیں، انہوں نے 147 وکٹیں حاصل کرنے کے علاوہ 1599 رنز بھی سکور کر رکھے ہیں۔