دو روز قبل اسلام آباد میں افواہیں چل رہی تھیں کہ سپریم کورٹ حکومت کا خاتمہ کرنے جا رہی ہے۔ آج یہ باتیں ہو رہی ہیں کہ توہین عدالت کا نوٹس تیار کر لیا گیا ہے اور پیر کو وزیر اعظم کو فارغ کر دیا جائے گا۔ پی ڈی ایم کا آج کا رویہ بھی شاید اسی افواہ کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ یہ کہنا ہے سینیئر صحافی اعجاز احمد کا۔
نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر قانون حیدر وحید نے کہا کہ کسی بھی کیس میں عمران خان کو گرفتار نہ کیا جائے، یہ عدالتی حکم اگرچہ غیر معمولی تو ہے مگر غیر آئینی نہیں ہے، مخصوص حالات میں دیا جا سکتا ہے۔ عدلیہ نے بطور ادارہ یہ رائے قائم کر لی ہے کہ عمران خان کو اگلے الیکشن سے باہر کرنے کی کوشش ہو رہی ہے اسی وجہ سے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ دونوں انہیں پیشگی ضمانتیں دے رہی ہیں۔
شریک میزبان اور تجزیہ نگار مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پچھلے ایک سال کے دوران عمران خان کے خلاف جو مضبوط مقدمے بھی قائم کیے گئے ہیں وہ بھی نہیں چلنے دیے گئے اور ان میں بھی فرد جرم عائد نہیں ہونے دی گئی۔ انہیں مسلسل عدالتی ریلیف ملتا رہا ہے۔
میزبان رضا رومی نے کہا کہ اب پاکستان میں عمران خان ہی عدالت ہیں، وہی فوج ہیں اور عوام بھی وہ ہیں۔ عمران خان پاکستان کی نئی اسٹیبلشمنٹ بن چکے ہیں، پرانی اسٹیبلشمنٹ کو چاہئیے اب کوئی اور کام ڈھونڈ لیں۔
'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔