تحریک انصاف کے وکیل انور منصور نے فارن فنڈنگ کیس میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ باہر سے پیسہ آیا ہے لیکن ممنوعہ فنڈنگ کا الزام غلط ہے، امریکا سے آنے والے پیسے کو غیرملکی فنڈنگ قرار دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ تحریک انصاف کے وکیل انور منصور نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ غیرملکی حکومت، ملٹی نیشنل یا مقامی کمپنیوں سے فنڈ نہیں لئے جا سکتے، پاکستان سے باہر رجسٹرڈ کمپنی کو مقامی کمپنی نہیں کہا جا سکتا، پی پی او قانون کے مطابق ملٹی نیشنل اور مقامی کمپنیوں سے فنڈنگ پر ممانعت ہے، الیکشن ایکٹ میں قرار دیا گیا کہ کسی بھی غیرملکی ذرائع سے فنڈنگ لینا ممنوع ہے، لیکن مقامی کمپنیوں سے فنڈنگ پر پابندی ختم کر دی گئی۔
ممبر سندھ نثار درانی نے پوچھا کہ کیا آپ یہ تسلیم کر رہے ہیں کہ غیرملکی فنڈنگ ہوئی ہے؟۔
وکیل پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ کسی ممنوعہ ذرائع سے کوئی فنڈنگ نہیں لی، باہر سے پیسہ آیا ہے لیکن ممنوعہ فنڈنگ کا الزام غلط ہے۔
انور منصور نے کہا کہ کبھی کسی سنگھ اور امیتا سیٹھی سے فنڈنگ کا الزام لگایا جاتا ہے، کیا پاکستان میں ہندو سکھ اور عیسائی نہیں رہتے؟ اگر فنڈ دینے والے غیرملکی ہیں تو اکبر بابر اپنا الزام شواہد کیساتھ ثابت کریں، ہم نے کسی بھارتی شہری سے کوئی فنڈنگ نہیں لی، لیکن کسی ہندو شہری نے دوہری شہریت حاصل کی تو کیا وہ غیرملکی ہوگیا؟ باہر کی کسی کمپنی سے فنڈ آنا ممنوعہ نہیں ہوگا، امریکہ سے آنے والے پیسے کو غیرملکی فنڈنگ قرار دیا گیا، بیرون ملک سے جتنا پیسہ بھی آیا سب ظاہر کیا گیا۔