جسٹس لبنیٰ سلیم پرویز، اسلام آباد ہائی کورٹ کی پہلی خاتون جج تعینات

اسلام آباد ہائی کورٹ کی تاریخ کی پہلی خاتون جج، جسٹس لبنیٰ سلیم  پرویز نے جمعے کو  اسلام آباد ہائی کورٹ کی ایڈیشنل جج کے طور پر حلف اٹھالیا۔

گذشتہ روز جاری کیے گئے وزارت قانون کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ لبنیٰ سلیم پرویز، فیاض احمد جندران اور غلام اعظم قمبرانی بطور ایڈیشنل ججز اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ سے حلف لیں گے۔

تین نئے ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے بعد اب اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز کی تعداد سات ہو گئی ہے۔

حلف اٹھانے والے ججز میں سے جسٹس لبنیٰ سلیم پروز کا تعلق سندھ سے ہے، جسٹس فیاض جندران کا اسلام آباد سے جبکہ جسٹس غلام اعظم قمبرانی کا تعلق بلوچستان سے ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کا قیام 2011 میں عمل میں آیا تھا اور تب سے عدالت میں کوئی خاتون جج تعینات نہیں ہوئی۔ اس بار جب ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے لیے ناموں پر غور کیا گیا تو ایک نام سندھ کی ڈپٹی اٹارنی جنرل لبنیٰ سلیم پرویز کا بھی تھا جو 2018 میں ڈپٹی اٹارنی جنرل سندھ تعینات ہوئی تھیں۔