پی ایس ایل 9 ڈرافٹنگ: فرنچائزز نے بڑے نام منتخب کرلیے

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے میچز کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں ہوں گے۔ تمام فرنچائز پی ایس ایل کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ ہم سب مل کر پاکستان کرکٹ اور لیگ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

پی ایس ایل 9 ڈرافٹنگ: فرنچائزز نے بڑے نام منتخب کرلیے

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن 2024 کے لیے فرنچائزز نے ڈرافٹنگ کی تقریب کے دوران بڑے ناموں کو منتخب کرلیا۔

پی ایس ایل 9 کے پلیئرز ڈرافٹ کی تقریب لاہور میں جاری ہے جس میں فرنچائزز کے مالکان، چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف اور کرکٹرز شریک ہیں۔

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف نے ڈرافٹ تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کے لیے تمام فرنچائزز اور سپانسرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔میری نیک خواہشات ٹیموں کے ساتھ ہیں، 8 سال پہلے 2016 میں پی ایس ایل کا چھوٹا پودا لگایا گیا۔ آج تناور درخت بن چکا ہے۔

ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ ہم سب مل کر پاکستان کرکٹ اور اس لیگ کےلیے کام کرتے رہیں گے۔ 

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں ہوں گے۔

پلاٹینم کیٹیگری

ملتان سلطانز نے پلاٹینم کیٹیگری کے راؤنڈ ون میں اپنی پہلی پک میں انگلینڈ کے فاسٹ بولر ڈیوڈ ولی کو پک کرلیا۔

پی ایس ایل پلئیرز ڈرافٹ میں کراچی کنگز نے پلاٹینیم راؤنڈ ون کی دوسری پک میں ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کیرون پولارڈ کو چن لیا جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پلاٹینیم راؤنڈ ون کی تیسری پک میں ویسٹ انڈیز کے ہی شیرفن ردرفورڈ اور محمد عامر کا انتخاب کیا۔

پشاور زلمی نے پلاٹینیم راؤنڈ ون کی چوتھی پک میں افغانستان کے نور احمد کا انتخاب کرلیا جبکہ لاہور قلندرز نے پلاٹینیم راؤنڈ ون کی چھٹی پک میں فخر زمان کا انتخاب کرلیا۔

لاہور قلندرز نے پلاٹینم کے دوسرے راؤنڈ کی پہلی پک میں جنوبی افریقا کے راسی وین ڈر ڈوسن کا انتخاب کرلیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلاٹینیم راؤنڈ ٹو کی دوسری پک میں انگلینڈ کے جورڈن کاکس کو پک کرلیا جبکہ کراچی کنگز نے پلاٹینیم راؤنڈ ٹو کی تیسری پک میں آسٹریلوی آل راونڈر ڈینئل سیمز جبکہ چوتھی اور آخری پک میں محمد نواز کو ٹیم کا حصہ بنالیا۔

ڈائمنڈ کٹیگری

ملتان سلطانز نے ڈائمنڈ کیٹیگری کے راؤنڈ ون کی پہلی پک میں انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان کا انتخاب کرلیا۔

پشاور زلمی نے ڈائمنڈ راؤنڈ ون کی دوسری پک میں پاکستان کے آصف علی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ڈائمنڈ راؤنڈ ون کی تیسری پک میں انگلینڈ کے بولر ٹائمل ملز کو ٹیم کا حصہ بنایا۔

اس کے علاوہ کراچی کنگز نے ڈائمنڈ راؤنڈ ون کی چوتھی پک میں نیوزی لینڈ کے ٹم سائفرٹ جبکہ لاہور لاقلندرز نے ڈائمنڈ راؤنڈ ون کی پانچویں پک میں صاحبزادہ فرحان کو چن لیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل 9 کے لیے 22 ممالک کے 485 غیر ملکی کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروائی ہے۔

پی سی بی نے بتایا کہ پلاٹینم کیٹیگری میں 46، ڈائمنڈ کیٹیگری میں 76 غیر ملکی کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروائی۔