Get Alerts

عام انتخابات؛ تحریک لبیک پاکستان کے ووٹرز میں 9 لاکھ کا اضافہ ہوا

صوبہ پنجاب سے تحریک لبیک کے امیدواروں نے 24 لاکھ 61 ہزار 425 ووٹ حاصل کیے جو  2018 کے جنرل الیکشن میں ٹی ایل پی کو ملنے والے ووٹوں کی نسبت 8 لاکھ 62 ہزار 651 زیادہ ہیں۔ 2018 کے انتخابات میں پنجاب سے ٹی ایل پی نے 15 لاکھ 98 ہزار 774 ووٹ لیے تھے۔

عام انتخابات؛ تحریک لبیک پاکستان کے ووٹرز میں 9 لاکھ کا اضافہ ہوا

8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی) نے ملک بھر سے 28 لاکھ 96 ہزار 323 ووٹ حاصل کیے۔ 2018 کے عام انتخابات میں کاسٹ کیے جانے والے ووٹوں سے تقابل کریں تو اس بار ٹی ایل پی کے ووٹرز کی تعداد میں 8 لاکھ 94 ہزار کا اضافہ ہوا۔ 2018 میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر تحریک لبیک نے ملک بھر سے 20 لاکھ 2 ہزار 257 ووٹ حاصل کیے تھے۔

حالیہ انتخاب میں این اے 50 اٹک سے خادم حسین رضوی مرحوم کے صاحبزادے حافظ سعد رضوی نے ایک حلقے میں تحریک لبیک پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ووٹ لیے۔ حافظ سعد رضوی 91 ہزار 709 ووٹ لے کر حلقہ میں تیسرے نمبر پر آئے۔

سینیئر صحافی سبوخ سید کا کہنا ہے کہ 'تحریک لبیک دوسری بڑی مذہبی جماعت ہے جس نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر کل 729 امیدواروں کو انتخابی ٹکٹ جاری کیے۔ ملک بھر میں بریلوی مکتبہ فکر نے ان امیدواروں کو ووٹ دیے ہیں۔ دوسری وجہ تحریک لبیک کا اپنا جھنڈا تبدیل کرنا اور دوسری سیاسی جماعتوں کی نسبت ایک پروگریسو منشور دینا بھی ہے'۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

صوبہ پنجاب سے تحریک لبیک کے امیدواروں نے 24 لاکھ 61 ہزار 425 ووٹ حاصل کیے جو  2018 کے جنرل الیکشن میں ٹی ایل پی کو ملنے والے ووٹوں کی نسبت 8 لاکھ 62 ہزار 651 زیادہ ہیں۔ 2018 کے انتخابات میں پنجاب سے ٹی ایل پی نے 15 لاکھ 98 ہزار 774 ووٹ لیے تھے۔ حالیہ الیکشن میں پنجاب سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 116 شیخوپورہ سے سید ظہیر الحسن شاہ نے سب سے زیادہ 43 ہزار 240 ووٹ حاصل کیے جبکہ سب سے کم ووٹ جنوبی پنجاب کے حلقہ این اے 188 راجن پور سے سہیل انور نے لیے۔ انہیں ملنے والے ووٹوں کی تعداد 3 ہزار 452 بنتی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں تحریک لبیک کے کل 18 امیدواروں نے حالیہ انتخاب میں 93 ہزار 202 ووٹ حاصل کیے۔ اس صوبہ کے حلقہ این اے 43 سے محمد رمضان نے سب سے زیادہ 19 ہزار 979 ووٹ لیے جبکہ سب سے کم ووٹ لینے والے امیدوار کاشف اللہ ہیں جنہیں 828 ووٹ ملے۔ 2018 کے انتخاب میں تحریک لبیک کے 16 امیدواروں نے خیبر پختونخوا سے 89 ہزار 987 ووٹ حاصل کیے تھے۔

صوبہ سندھ میں تحریک لبیک کے ووٹرز میں کمی آئی ہے۔ حالیہ انتخاب میں ٹی ایل پی نے سندھ سے 3 لاکھ 18 ہزار 15 ووٹ لیے جبکہ ان کے 52 امیدوار انتخابی میدان میں اترے تھے۔ 2018 کے انتخاب میں تحریک لبیک کو سندھ سے 4 لاکھ 8 ہزار 442 ووٹ ملے تھے جبکہ ان کے 29 امیدوار میدان میں اترے تھے۔ این اے 247 کراچی وسطی سے محمد فاروق نے تحریک لبیک کے لیے سب سے زیادہ 14 ہزار 836 ووٹ لیے جبکہ سب سے کم ووٹ لینے والے کراچی جنوبی سے محمد وسیم ہیں جنہیں 189 ووٹ ملے۔

صوبہ بلوچستان میں تحریک لبیک کے ووٹ بینک میں اضافہ ہوا۔ عام انتخابات 2024 میں پارٹی کے ووٹرز میں 11 ہزار کے قریب اضافہ ہوا ہے اور ان انتخابات میں 10 امیدواروں نے بلوچستان سے 23 ہزار 681 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

وجیہہ اسلم صحافت سے وابستہ ہیں۔