کرتار پور کاریڈور مذاکرات، بھارت کا پاکستانی صحافیوں کو ویزے جاری کرنے سے صاف انکار

بھارت کی جانب سے ایک بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرتارپور کاریڈور مذاکرات کی کوریج کے لیے پاکستانی صحافیوں کو ویزے جاری کرنے سے انکار کر دیا گیا ہے جس پر پاکستانی وزارت خارجہ نے اظہار افسوس کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کا پاکستانی صحافیوں کو ویزے جاری نہ کرنا افسوس ناک طرز عمل ہے تاہم انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ کرتارپور میں ہونے والا اجلاس مثبت ہو گا اور یہ دونوں ملکوں کے عوام کے لیے تبدیلی کا باعث ثابت ہو گا۔



ڈاکٹر محمد فیصل نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے گزشتہ برس بھارتی صحافیوں کو ویزے جاری کیے تھے جس کے باعث ناصرف 30 سے زیادہ بھارتی صحافیوں نے کرتارپور منصوبے کی کوریج کی بلکہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی جب کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے ان بھارتی صحافیوں کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ کرتار پور راہداری پر پہلے باضابطہ مذاکرات کل سے واہگہ اٹاری سرحد پر شروع ہو رہے ہیں۔ پاکستانی وفد ڈاکٹر محمد فیصل کی سربراہی میں بھارت جا رہا ہے۔

پاک بھارت حالیہ کشیدگی سے قبل یہ مذکرات نئی دہلی میں ہونا تھے لیکن بعدازاں بھارت نے مذاکرات کا مقام تبدیل کر دیا۔