پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کردیا۔
بدھ کے روز جاری کردہ اعلامیہ میں پی سی بی نے اعلان کیا کہ نیوزی لینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم 14 اپریل سے پاکستان کا دورہ کرے گی جہاں وہ 5 ٹی 20 میچز کھیلے گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ابتدائی تین میچز 18، 20 اور 21 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ جس کے بعد لاہور 25 اور 27 اپریل کو سیریز کے بقیہ 2 ٹی20 انٹرنیشنل کی میزبانی کرے گا۔ ٹی20 سیریز کے تمام پانچ میچز رات 7 بجے شروع ہوں گے۔
پی سی بی کے مطابق سیریز کے لیے ٹکٹوں کی قیمتیں مناسب نرخوں پر مقرر کی جائیں گی اور ٹکٹیں منتخب ٹی سی ایس آؤٹ لیٹس پر اور pcb.tcs.com.pk پر آن لائن دستیاب ہوں گی جبکہ ٹکٹوں کی فروخت سے متعلق اعلان مقررہ وقت پر کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کا 17 ماہ کے عرصے میں اس کا تیسرا دورۂ پاکستان ہوگا۔ اس سے قبل اس نے دسمبر 2022 سے جنوری 2023 میں 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اسی سال کے آخر میں 10 وائٹ بال میچوں میں حصہ کیلئے پاکستان آئی تھی یہ میچز لاہور، راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے گئے تھے۔
ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے درمیان غیر متزلزل دوستی کے ثبوت میں، ہمیں نیوزی لینڈ کی ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔یہ دورہ ان گہرے تعلقات اور باہمی احترام کی علامت ہے جو ہمارے دونوں کرکٹ ممالک کے درمیان موجود ہے۔ہمارے شائقین اور پاکستانی عوام نیوزی لینڈ کی ٹیم کا ایک بار پھر خیرمقدم کریں گے اور ہمیں امید ہے کہ ایک اور مسابقتی سیریز ہو گی جو اس سال کے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کا ایک اہم حصہ ہے۔
سیریز کا شیڈول
16 اور 17 اپریل۔ پریکٹس سیشن
18 اپریل ۔ پہلا ٹی20 انٹرنیشنل ۔ راولپنڈی
20 اپریل ۔ دوسرا ٹی20 انٹرنیشنل ۔ راولپنڈی
21 اپریل ۔ تیسرا ٹی20 انٹرنیشنل ۔راولپنڈی
25 اپریل ۔ چوتھا ٹی20 انٹرنیشنل ۔ لاہور
27 اپریل ۔ پانچواں ٹی20 انٹرنیشنل ۔ لاہور