Get Alerts

بابا گرونانک کی 550ویں سالگرہ، سٹیٹ بینک آف پاکستان نے یادگاری سکہ جاری کر دیا

بابا گرونانک کی 550ویں سالگرہ، سٹیٹ بینک آف پاکستان نے یادگاری سکہ جاری کر دیا
سکھوں کے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کی 550ویں سالگرہ پر 550 روپے کا یادگاری سکہ جاری کر دیا گیا، گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر اور سکھ رہنما رمیش نے سکے کا افتتاح کیا۔

تفصیلات کے مطابق سٹیٹ بینک آف پاکستان میں بابا گرونانک کی 550ویں سالگرہ پر یاد گاری سکے کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر اور سکھ رہنما رمیش نے یادگاری سکے کی رونمائی کی۔ 550 روپے مالیت والے اس یادگاری سکے کے ایک رخ پر چاند ستارا جبکہ ایک رخ پر ننکانہ صاحب کی عمارت کی تصویر ہے۔



گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ سکھ مذہب کے بابا گرونانک کے جنم دن کے حوالے سے یہاں جمع ہیں، یہ پہلا سکہ ہے جو کسی مذہبی شخصیت کیلئے جاری کیا گیا ہے۔ اس کی تین وجوہات ہیں۔ ایک یہ کہ قومی ادارے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، سکہ جاری کرنا ہماری ذمہ داریوں میں آتا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ گرونانک کا پیغام بھائی چارہ اور ہم آہنگی عام ہو، جب تک امن و امان نہیں ہوگا تو کچھ نہیں ہو سکتا، امن ہماری معیشت کیلئے ضروری ہے جو چیزیں امن کیلئے ہوں سٹیٹ بینک اس میں پیش پیش ہے۔

چئیرمین پاکستان سکھ کونسل سردار رمیش کا خطاب میں کہنا تھا کہ سکے کے اجرا پر 14 کروڑ سکھ براداری پاکستان کی شکر گزار ہے، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید کا شکر گزار ہوں اور حکومت پاکستان کے مشکور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرتارپور کا تحفہ ایسا ہے جس کا قرض نہیں اتار سکتے۔

یاد رہے کہ 9 نومبر کو وزیر اعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا افتتاح کیا تھا، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ سکھ برادری کو گرونانک کی سالگرہ کی مبارکباد دیتا ہوں، راہداری کھولنے کی مجھے بہت خوشی ہوئی، امید ہے یہ شروعات ہے، انشااللہ بھارت سے تعلقات اچھے ہوں گے۔