Get Alerts

سٹیفن ہاکنگ کی پہلی برسی کی مناسبت سے یادگاری سکہ جاری

ممتاز سائنس دان گزشتہ برس 14 مارچ کو وفات پا گئے تھے

 

حکومت برطانیہ نے ممتاز سائنس دان سٹیفن ہاکنگ کے اعزاز میں یادگاری سکہ جاری کر دیا ہے۔ یہ سکہ آج  14 مارچ  کو ان کی پہلی برس کی مناسبت سے جاری کیا گیا ہے۔

یہ چمک دار یادگاری سکہ نہایت خوبصورت ہے جسے برطانیہ کی ممتاز ڈیزائنر ایڈوینا ایلس نے ڈیزائن کیا ہے۔ سکے پر سٹفین ہاکنگ کی مشہور مساوات درج ہے جو بلیک ہول میں بڑھتے ہوئے انتشار کو ظاہر کرتی ہے جب کہ سکے کے عقبی حصے پر سٹیفن ہاکنگ کا نام کندہ ہے۔ سکے کے نچلے حصے میں بلیک ہول کی خوبصورت انداز سے عکاسی کی گئی ہے جو بتدریج پھیل رہا ہے۔

اس سے قبل چارلس ڈارون اور سر آئزک نیوٹن کے یادگاری سکے جاری کیے جا چکے ہیں۔ سٹیفن ہاکنگ اس فہرست میں شامل ہونے والے تیسرے نمایاں سائنس دان ہیں۔

 



قبل ازیں، سٹیفن ہاکنگ کی صاحب زادی اور ان کے بھائی نے سرکاری ٹکسال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سکہ ڈھالے جانے کے عمل کا مشاہدہ کیا۔

واضح رہے کہ اس سال کے اختتام تک سٹیفن ہاکنگ کی یاد میں 50 پائونڈ کا نوٹ بھی جاری کر دیا جائے گا۔

سٹیفن ہاکنگ 22 برس کی عمر میں موٹر نیورون نامی بیماری کا شکار ہو گئے تھے، ڈاکٹروں کی اکثریت نے ان کے مرض کو لاعلاج قرار دیتے ہوئے ان کی زندگی کو نہایت مختصر قرار دیا تھا لیکن سٹیفن ہاکنگ نہ صرف زندہ رہے بلکہ اپنے حافظے اور مشاہدے کی بدولت کئی صفحات پر مشتمل   مساوات بھی درست لکھواتے تھے۔

سٹیفن ہاکنگ نے اپنے کیریئر کے دوران بلیک ہول اور اس سے منسلک کئی نظریات پیش کیے اور ان کی مساوات بیان کی۔

سٹیفن ہاکنگ گزشتہ برس 14 مارچ کو 76 برس کی عمر میں وفات پا گئے تھے۔