Get Alerts

پرویز الہیٰ یا حمزہ شہباز؟ تحریک انصاف کے منحرف اراکین کس کا ساتھ دیں گے؟

پرویز الہیٰ یا حمزہ شہباز؟ تحریک انصاف کے منحرف اراکین کس کا ساتھ دیں گے؟
تحریک انصاف کے 24 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی نے متحدہ اپوزیشن کے نامزد وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

منحرف ارکان نے کہا کہ حمزہ شہباز کی حمایت کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ روز لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہونے والے افطار ڈنر میں پی ٹی آئی کے ناراض ارکان نے متحدہ اپوزیشن کے نامزد وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کو اپنے مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

اس موقع پر ناراض ارکان نے کہا کہ بلیک میل کرنے کیلئے ہمارے خلاف اسپیکر آفس میں ریفرنس جمع کرایا گیا، اب پرویز الٰہی کا پیغام آ رہا ہے کہ واپس آ جائیں، کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔

ذرائع کے مطابق ناراض ارکان کا کہنا ہے کہ انہوں نے حمزہ شہباز کی حمایت کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے اور ریفرنس کا جواب بھی نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

24 نیوز کے مطابق دوسری جانب بیشتر پی ٹی آئی ارکان نے حمزہ شہباز کو ووٹ دینے کے بعد مستعفی ہونے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے چند روز قبل 24 ناراض ارکان کیخلاف سپیکر کے پاس ریفرنس جمع کرایا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان ارکان کا تعلق جہانگیر ترین، عبدالعلیم خان اور اسد کھوکھر گروپ سے ہے۔