وزیراعظم نے چیئرمین ارسا کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا

وزیراعظم نے گزشتہ روز ریٹائرڈ سرکاری افسر ظفر محمود کو 3 سال کے لیے انڈس ریور سسٹم اتھارٹی کا چیئرمین تعینات کیا تھا۔جس پر سندھ کابینہ نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

وزیراعظم نے چیئرمین ارسا کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا

وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) ظفر محمود کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔

وزیراعظم آفس نے چیئرمین ارسا کی تقرری کی سمری واپس لینے کا حکم نامہ جاری کردیا۔ سندھ حکومت کے اعتراضات پر چیئرمین ارسا کی تعیناتی کا نوٹس واپس لیا گیا جبکہ وفاق نے سندھ حکومت کو فیصلے سے متعلق آگاہ کردیا۔

وزیراعظم نے گزشتہ روز ریٹائرڈ سرکاری افسر ظفر محمود کو 3 سال کے لیے انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کا چیئرمین تعینات کیا تھا۔جس پر سندھ کابینہ نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

اس سے قبل وزیر آبپاشی سندھ جام خان شورو نے کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔

وزیر آبپاشی نے بتایا کہ وزیراعظم نے چیئرمین ارسا کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن واپسی لینے کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ ظفر محمود کی بطور چیئرمین ارسا کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

اس سے قبل وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے زیر صدارت کابینہ کے پہلے اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں سندھ کابینہ کا موقف دہراتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ارسا کے چیئرمین کا انتخاب صوبوں یا وفاقی حکومت کے اراکین میں سے ہونا چاہیے۔ باہر سے کسی کو مقرر کرنا پانی کے معاہدے کی صریح خلاف ورزی ہو گی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس موقع پر کہا تھا کہ وفاق کا فیصلہ کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا کیونکہ ہمیں صرف تعیناتی نہیں بلکہ جس شخص کو تعینات کیا گیا اس پر بھی اعتراض ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے صوبہ سندھ کی جانب سے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سے رابطہ کیا تھا اور محکمہ آبپاشی کے اعتراضات کی روشنی میں چیئرمین ارسا کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن واپس لینے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

واضح رہے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کے چیئرمین کی یک طرفہ تعیناتی پر اہم اتحادی جماعت پیپلزپارٹی نے بھی مسلم لیگ (ن) کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔